نیویارک: ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ لنڈسے لوہان کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ’’اسلام وعلیکم‘‘ کے پیغام نے ایک بار پھر ان کے قبول اسلام سے متعلق چہ مگوئیوں کو ہوا دے دی ہے۔

Speculations about accepting Islam of Hollywood actress Lindsay lohan
ہالی ووڈ اداکارہ لنڈسے لوہان کی امریکا کے شہر نیویارک میں ہاتھوں میں قرآن حکیم تھامےتصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں تھیں جس کے بعد ان کے اسلام قبول کرنے سے متعلق خبریں سامنے آئیں تھیں تاہم ایک مرتبہ پھر اسی قسم کی چہ مگوئیاں دوبارہ ہونے لگی ہیں جب کہ مغربی میڈیا نے لنڈسے لوہان کے قبول اسلام سے متعلق کئی سوالات اٹھائے ہیں۔اداکارہ گزشتہ سال شامی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے ترکی جا پہنچیں تھیں جہاں اسکارف پہنی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی تھی جس پر امریکی میڈیا نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن اب ایک بار پھر اداکارہ کے عمل نے ان کے اسلام میں داخل ہونے کی چہ مگوئیوں کو ہوا دے دی ہے۔ لنڈسے لوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر’’اسلام و علیکم‘‘ کا پیغام دے کر نہ صرف سب کو چونکا دیا ہے بلکہ اپنی نازیبا تصاویر بھی ہٹا دیں اور ان کے اس اقدام کو مغربی میڈیا پر باریک بینی سے دیکھا جارہا ہے جب کہ برطانوی ادارے ڈیلی میل نے لکھا ہے کہ عربی زبان میں پیغام لکھنے پر مسلمانوں کی جانب سے لنڈسے لوہان کا خیرمقدم جب کہ سوشل میڈیا پر مسلمان مداحوں کی جانب سے انہیں اسلام قبول کرنے پر مبارکباد کے پیغامات کا سلسلہ بھی جاری ہے لیکن اب تک اداکارہ کی جانب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی باقاعدہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ امریکی اداکارہ لنڈسے لوہان اب تک متعدد فلموں اور ڈرامہ سیریل میں کام کرچکی ہیں۔









