counter easy hit

سندھ ایپکس کمیٹی کا کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

Qaim Ali Shah Meeting

Qaim Ali Shah Meeting

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی سمیت دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیر اطلاعات شرجیل میمن، چیف سیکرٹری، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے بھی شرکت کی جب کہ کہ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئیں۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فوجی عدالتوں میں مزید کیس بھجوانے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق امور پر غور کیا گیا جب کہ اپیکس کی ذیلی کمیٹیوں، انٹیلی جنس اور لیگل کمیٹیوں نے اجلاس کے شرکا کو اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔

صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے جن میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی کرنے والوں اور دہشت گردوں کو معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا جب کہ کمیٹی نے کراچی میں غیر قانونی اسلحہ جمع کرانے کے لیے آخری موقع دینے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا بھی حکم دیا۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ ہاؤس میں قائم علی شاہ، گورنر ڈاکٹر عشرت العباد اور ڈی جی رینجرز بلال اکبر کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں صوبے اور بالخصوص کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔