counter easy hit

سیالکوٹ میں ایم کیو ایم رہنما کا قتل، کراچی اور دیگر شہروں میں احتجاج

Sialkot

Sialkot

کراچی (یس ڈیسک) سیالکوٹ میں باؤ محمد انور کے قتل کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنوں نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ حیدرآباد میں ایم کیو ایم زون کی جانب سے حیدر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔ مظاہرے اور دھرنے میں زونل انچارج نوید شمسی، راشد ممتاز ،ایم این اے سید وسیم حسین اور ایم پی اے رانا انصار سمیت مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ایم کیو ایم سکھر زون کے کارکنوں نے زونل انچارج سکھر شہزادہ گلفام کی سربراہی میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میرپور خاص میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایم کیو ایم میرپور خاص زون کے انچارج مجیب الحق نے کہا کہ جاگیردار اور سرمایہ دار نہیں چاہتے کہ متحدہ کا پیغام دیگر صوبوں تک پھیلے۔

نوابشاہ کے پراٹا چوک پرمتحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے سے ایم کیو ایم نوابشاہ کے جوائنٹ زونل انچارج راؤ ساجد اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ دادو، ٹنڈواللہ یار اور خیرپور سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی ایم کیو ایم کے رہنما باؤ محمد انور کے قتل کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ ملتان میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب پہنچ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر مقتول کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی۔