شیخوپورہ(بیورورپورٹ)شیخوپورہ کے وکلاء نے اراضی ریکارڈ سنٹروں میں ہونیوالی مبینہ کرپشن کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے اور اس سلسلہ میں پیر کے روز وکلاء نے بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری رانا زاہد محمود خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں احتجاج کیااور اعلان کیا کہ اراضی ریکارڈسنٹروں میں ہونیوالی کرپشن کے خاتمہ تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا جبکہ دوسری طرف اراضی ریکارڈ سنٹرکا عملہ بھی دن بھر سراپااحتجاج رہا اور دفاتر کا کام ٹھپ رہا جس سے سائلوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور مایوس لوٹ گئے، ذرائع کے مطابق وکلاء کے گزشتہ روز اراضی ریکارڈ سنٹر کے عملہ پر تشدد کے خلاف اراضی ریکارڈ سنٹروں کا عملہ ہڑتال کئے ہوئے ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک حملہ آور وکلاء کے خلاف کاروائی نہیں کی جاتی اس وقت تک وہ قلم چھوڑ احتجاج جاری رکھیں گے، دریں اثناء اراضی ریکارڈ سنٹر کے ذرائع نے کہا ہے کہ ہمارا عملہ دیانتداری سے کام کرتا ہے ، ذاتی عناد کی بناء پر بے جا الزام تراشی ہورہی ہے ، گزشتہ روز وکلاء نے اراضی سنٹر میں ہمارے عملہ پر تشدد کیا ۔