counter easy hit

شہباز شریف نے ریحام خان سے رابطوں کے الزامات مسترد کردیئے

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے ریحام خان سے رابطوں کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاہےکہ زندگی میں صرف ایک بار ریحام سے ملا۔

جیونیوز کے پروگرام جرگہ میں میزبان سلیم صافی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ریحام خان سے رابطوں کے تمام الزامات مسترد کردیئے۔انہوں نےکہا کہ زندگی میں صرف ایک بار ریحام خان سے ملا، اس کے بعد ان سےکوئی ملاقات نہیں ہوئی، اگر ریحام کی کتاب لکھوانے کے پیچھے میری سپورٹ ثابت ہو جائے، یا اگر میں نے ایک دھیلہ بھی بلواسطہ یا بلاواسطہ خرچ کیا ہوتو میں ذمہ دار ہوں۔

(ن) لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مجھ پر کرپشن کے کئی الزامات لگائے لیکن ثابت ایک بھی نہ کرسکے۔شہبازشریف کا خصوصی انٹرویو آج رات 10 بج کر 5 منٹ پر جیو نیوز پر نشر کیا جائے گا۔دوسری جانب اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ قومی حکومت اس لیے چاہتا ہوں تاکہ کوئی لاک ڈاؤن اور لانگ مارچ نہ کرے، پاکستان کے تمام اہم معاملات پرسب کا بیانیہ ایک ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب سب سے زیادہ نیب کے نشانے پر ہے، جہاں اربوں کھربوں کی کرپشن ہوئی وہاں نیب کسی کو نہیں بلاتی، بابر اعوان نے بغیر نیلامی کے نندی پور پراجیکٹ میں 30 ارب روپے لگائے، ان کے خلاف کوئی انکوائری نہیں کی گئی۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے معاملات میں مجموعی مشاورت اور دانش مندی چاہتے ہیں، ملک کو درپیش مسائل کوئی ایک پارٹی یا ادارہ حل نہیں کر سکتا، تصادم کوئی حل نہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا ہوناہوگا اور سب کو ذاتی مفاد سے با لا تر ہو کر قومی مفاد کے لیے سوچنا ہوگا۔