counter easy hit

شہبازشریف نے اچانک وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کا مطالبہ کردیا، مگر کیوں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم سے ملاقات کا مطالبہ کردیا ہے، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے حکومت نے اپوزیشن سے رابطہ کرلیا تاہم اپوزیشن لیڈر وزیراعظم سے کم کسی دوسرے حکومتی عہدیدار سے بات کرنے کیلئے راضی نہیں۔ ذرائع کے مطابق فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کیلئے حکومت نے اپوزیشن سے رابطہ کرلیا ہے۔ جمعرات کو وزیر دفاع پرویز خٹک نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ رابطے میں حکومت کی جانب سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کا وقت مانگا گیا۔ تاہم وزیر دفاع کو بتایا گیا کہ قائد حزب اختلاف فوجی عدالتوں کے قیام کے معاملہ پر حکومتی کمیٹی سے ملاقات کیلئے تیار نہیں۔ اپوزیشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم سے کم کسی حکومتی عہدیدار سے فوجی عدالتوں کے معاملے پر بات نہیں ہوگی۔ شہباز شریف فوجی عدالتوں کے معاملے پر صرف وزیراعظم سے ملاقات کرنے کے خواہاں ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے بھی اس معاملے پر صرف قیادت کے مابین مشاورت کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب پاک فوج نے بھی واضح کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پر پارلیمنٹ جو بھی فیصلہ کرے گی، اس پر عمل کیا جائے گا۔