counter easy hit

شہباز شریف سے گورنر پنجاب کی ملاقات، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر اتفاق

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (یس ڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ملاقات، دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر ایکشن کا وقت آ گیا ہے، دہشت گردوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہو گا۔

لاہور میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کا متفقہ فیصلہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر اتفاق رائے قومی قیادت کی بالغ نظری کا ثبوت ہے۔

قومی قیادت نے دہشت گردی کو کچلنے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی صورتحال غیر معمولی اقدامات کی متقاضی ہے، اے پی سی کے جرات مندانہ فیصلے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر ایکشن کا وقت آگیا ہے۔ دہشت گردوں کو اپنے ظلم اور بربریت کا حساب دینا ہو گا۔ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر قومی قیادت کا اتفاق رائے خوش آئند ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قومی قیادت نے عوام کی توقعات کے مطابق فیصلے کئے ہیں۔