
Saudi Arabia’s King Shah Salman appointed a son to be a guardian
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے ولی عہد محمد بن نائف کو عہدے سے برطرف کر کے نائب ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو ولی عہد مقرر کر دیا ہے جو ملک کے نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد بن نائف جو عرصہ دراز سے مملکت سعودیہ کے انسداد دہشت گردی کے وزیر تھے اور انہوں نے 2003 سے 2006 تک القاعدہ کے خلاف بڑی مہم چلائی تھی، ان سے تمام عہدے واپس لے لئے گئے ہیں جبکہ کچھ برسوں سے محمد بن سلمان ہی سعودی عرب کی جنگ کی پالیسی چلا رہے اور توانائی و تیل کے حوالے سے شاہ سلمان کو تمام منصوبے پیش کر رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شمار سعودی عرب کی اہم فیصلہ ساز شخصیات میں ہوتا ہے اور انہوں نے 2015 میں یمن میں باغیوں کے خلاف جنگ شروع کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ قطر کو تنہائی کا شکار کرنے کے حوالے سے بھی محمد بن سلمان پیش پیش ہیں۔








