counter easy hit

کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ نہیں کر سکتیں: سرتاج عزیز

 Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

سرتاج عزیز نے سشما سوراج کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں استصواب رائے کرایا جائے۔ کشمیر کا فیصلہ وہاں کی عوام کریں گے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی مقبوضہ کشمیر میں ریفرینڈم کروایا جائے۔ کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا دینا اقوام متحدہ کا وعدہ ہے۔ کشمیری جس کے حق میں فیصلہ کریں، دنیا اسے تسلیم کرے۔ واضح رہے کہ سشما سوراج نے بیان دیا تھا کہ پورا جموں و کشمیر بھارت کا حصہ ہے۔ سشما سوراج نے برہان وانی کو شہید کہنے پر وزیراعظم نواز شریف پر بھی تنقید کی تھی۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کشمیر کو بھارت کی جاگیر قرار دیا تھا۔ سشما سوراج نے یہ بھی کہا کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بنے گا۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ نہیں کر سکتیں۔ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ خود کشمیریوں نے کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برہان وانی کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔ کرفیو کے باوجود 2 لاکھ سے زائد کشمیریوں نے برہان وانی کے جنازے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ 1947ء میں آزادی کی جنگ لڑنے والے برطانیہ کے لیے دہشتگرد تھے۔ آج آزادی کی لڑائی لڑنے والے بھارت کے لیے دہشتگرد ہیں۔ اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے بھارتی مظالم بند کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔