counter easy hit

بزمِ ریاض کا پہلا یومِ تاسیس نہایت تزک و احتشام سے منایا گیا

Dignitaries on the stage

Dignitaries on the stage

الریاض (وقار نسیم وامق) معروف ادبی ،سماجی و ثقافتی تنظیم بزمِ ریاض کا پہلا یومِ تاسیس نہایت تزک و احتشام سے منایا گیا، سفارت خانہ پاکستان کے تین اعلیٰ افسران کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کیپٹن (ر)سید حماد عابد، کمرشل اتاشی وسیم حیات باجوہ، ائیر اینڈ نیول اتاشی گروپ کیپٹن ابراہیم اسد اور معروف قلمکار جاوید اختر جاوید کا الوداعیہ بھی اس تقریب کا حصہ تھی، تقریب کا اہتمام ریاض کے وسیع و عریض انٹرنیشنل ایکوسٹرین سکول اینڈ کلب میں کیا گیا تھا جہاں پاکستانی کمیونٹی کے مختلف طبقہ ء ہائے فکر کے خواتین و حضرات کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی سفیرِ پاکستان منظور الحق، بیگم سفیرِ پاکستان نگہت منظور اورسابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین تھے، تقریب کی صدارت بزم کے صدر ریاض راٹھور نے کی جبکہ نظامت کے فرائض بزمِ ریاض کے ناظم الامور وقار نسیم وامقؔ نے خوش اسلوبی سے سرانجام دئیے، تقریب کا باقاعدہ آغاز مکہ مکرمہ سے خصوصی طور پر تشریف لانیوالے قاری عبدالسلام کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جبکہ ہدیہء نعت بزم کے سنیئر رکن ڈاکٹر سعید احمد وینس نے پیش کیا۔

بزم کے نوجوان رکن فواد علی نے بزمِ ریاض کے اغراض و مقاصدبیان کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے بنیادی مقاصد معاشرے میں مثبت سوچ اور برداشت کو پروان چڑھنا ،باصلاحیت و کامیاب افراد کو متعارف کروانا اور اس بات کا پختہ ارداہ کرنا کہ ہمارے کسی عمل سے معاشرے کے کسی بھی طبقے کو کوئی نقصان نہ ہو۔بزمِ ریاض کے سیکرٹری جنرل تصدق گیلانی نے بزم کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور اس کا ایک جائزہ سلائیڈ شو کے ذریعے پیش کیا، اس موقع پر تصدق گیلانی نے کہا کہ مثبت سوچ ہی قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، ہمیں مثبت سوچ اور فکر اپناتے ہوئے پاکستان کی خوبصورت تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنی چاہئے۔

بزمِ ریاض کے سنیئر رکن سرحان مصطفی رانا کی قیادت میں گھڑ سوار دستے نے مہمانانِ گرامی قدر کو سلامی پیش کی اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم تھام کر گراؤنڈ کا چکر لگایا جبکہ ماہر گھڑ سواروں نے گھڑ سواری کا بہترین مظاہرہ پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
بزمِ ریاض کی سنیئر رکن ڈاکٹر حناء عنبرین طارق نے معروف قلمکار جاوید اختر جاویدکے بارے میں اظہارِخیال کرتے ہوئے کہا کہ جاوید اختر جاوید ؔ نے سعودی عرب میں اپنے 37 سالہ قیام کے دوران اردوشعر و ادب کی ترویج و ترقی میں بھرپور اور نمایاں کردار ادا کیا،انہوں نے مختلف سماجی، ثقافتی و ادبی انجمنوں کی راہنمائی فرمائی اور حلقہء فکروفن کے تحت ادبی نشستوں کے ساتھ ساتھ مشاعروں کا سلسلہ بھی جاری رکھا، اس موقع پر ڈاکٹر حناء نے جاوید اختر جاویدؔ کے کئی اشعار بھی سامعین کی سماعتوں کی نذر کئے اور کہا کہ جاوید اختر جاویدؔ کی علمی و ادبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

بزم کے سنیئر رکن تنویر میاں نے سفارت خانہ پاکستان کے اعلیٰ افسران کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کیپٹن (ر)سید حماد عابد، کمرشل اتاشی وسیم حیات باجوہ اور ائیر اینڈ نیول اتاشی گروپ کیپٹن ابراہیم اسد کو بزمِ ریاض کی جانب سے ان کے الوداعیہ کے موقع پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات اورسعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے ان افسران کی خدمات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دعاء گو ہیں کہ وہ عزم و ہمت کے ساتھ پاکستان کے لئے اپنی بہترین خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔

راقم الحروف اور تقریب کے ناظم وقار نسیم وامقؔ نے بالترتیب کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کیپٹن (ر)سید حماد عابد، کمرشل اتاشی وسیم حیات باجوہ اور ائیر اینڈ نیول اتاشی گروپ کیپٹن ابراہیم اسد کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے اپنے دورِ تعیناتی میں کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا خاص طور پر سعودی عرب میں نطاقات کے نظام کے اہم ترین مرحلے میں حماد عابد اور ان کے ساتھی کمیونٹی ویلفیئر اتاشی معین انور(مرحوم) نے بہترین خدمات سرانجام دیں جبکہ پاک سعودی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں کمرشل اتاشی وسیم باجوہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور پاک سعودی دفاعی امور میں ائیر اینڈ نیول اتاشی گروپ کیپٹن ابراہیم اسد نے اپنی بہترین صلاحیتوں کی بدولت اسے مضبوط کرنے میں خاطر خواہ خدمات سرانجام دیں ہیں۔

بعد ازاں تینوں اعلیٰ افسران نے بالترتیب بزمِ ریاض کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے خلوص اور رتعاون کا شکریہ ادا کیا اور اپنے دورِ تعیناتی کے دوران کئی یادگار لمحوں کا بھی تذکرہ کیا جبکہ قلمکار جاوید اختر جاویدؔ نے اپنے خطاب میں سعودی عرب میں اپنے 37 سالہ دور کا تذکرہ کرتے ہوئے یہاں علم وادب کے حوالے سے ہونیوالی پیش رفت کے بارے میں سامعین کو آگاہ کیا اورپاکستانی کمیونٹی کے بھرپور تعاون کا شکریہ بھی ادا کیا، جاوید اختر جاویدؔ نے سامعین کے پرزور اصرا رپر اپنا کلام بھی پیش کیا جس سے سامعین خوب محضوظ ہوئے۔
تقریب کے مہمانِ اعزاز ی سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت ہمیں آپس میں اتفاق و اتحاد کی اشد ضرورت ہے اور ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان ایمان ، اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہوکر کامیاب ہونا ہے، انہوں نے بزمِ ریاض کے پہلے یومِ تاسیس کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزمِ ریاض خلوص ،لگن اور کامیابی کے ساتھ اپنے اغراض و مقاصدکے حصول میں مصروفِ عمل ہے اور اس سلسلے میں ہمارا بھرپور تعاون بزمِ ریاض کے لئے حاضر ہے، چوہدری شہباز حسین نے الوداع ہونیوالے سفارت خانہ کے افسران کی خدمات اور قلمکار جاوید اختر جاوید کی ادبی کاوشوں کو بھی سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سفیرِ پاکستان نے بزمِ ریاض کے پہلے یومِ تاسیس پر شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مثبت سوچ و فکر قوموں کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے ہمیں مثبت سوچ و فکر اپناتے ہوئے ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہئے، انہیں خوشی ہے کہ بزمِ ریاض نے انتہائی قلیل مدت میں کامیابی کے ساتھ مثبت سوچ و فکر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور وہ دعاء گو ہیں کہ بزم کا یہ سفر اسی طرح کامیابی سے جاری رہے، اس موقع پر سفیرِ پاکستان نے عرب دنیا میں علامہ اقبال کے فلسفہ اور شاعری کے حوالے سے عرب اسکالرز کی جانب سے کئے گئے مقالوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عرب اسکالرز نے اقبال کے پیغام کو نہایت موئثر اور جامع انداز میں پیش کیا ہے، سفیرِ پاکستان نے الوداع ہونیوالے احباب کی کاوشوں کو سراہا اور ان کے کامیاب مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

بزمِ ریاض کی جانب سے الوداع ہونیوالے احباب کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور تقریب کے معاونین ریاض انٹرنیشنل ایکوسٹرین کلب کے مالک یوسف یعقوب البیتونی اور فرینڈی موبائل کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ عزیز امین کو بھی خصوصی شیلڈز دی گئیں، اس موقع پر فرینڈی موبائل کی جانب سے سفیرِ پاکستان منظور الحق کو بھی خصوصی شیلڈ پیش کی گئی۔بزم کے سنیئر رکن تنویر میاں نے اس موقع پر ملی نغمہ پیش کرکے سماں باندھ دیا جبکہ بزمِ ریاض کے صدر ریاض راٹھور نے اظہارِ تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ بزمِ ریاض اپنے قیام ہی سے مثبت سوچ و فکر کی ترویج میں سرگرمِ عمل ہے اور اس سلسلے میں ان تمام افراد کو اس میں شمولیت کی دعوت دیتی ہے جو اپنے مثبت کردار اور عمل سے معاشرے کی بہتری کا جذبہ رکھتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزازمیں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، پاک ہاؤس ریستوران کے لذیذپکوان پر مشتمل کھانوں سے مہمان خوب محضوظ ہوئے اور پاک ہاؤس کے کھانوں کے اعلیٰ معیار کی تعریف بھی کی، بزمِ ریاض کی اس تقریب میں زاہد رانا، عاصم ظفر، نافع حسین، وی آئی پروڈکشنزاور نالج کور اکیڈمی نے بطور معاونین بھرپور کردار ادا کیا۔