counter easy hit

اے ٹی ایم فراڈ میں بھارتی ہیکرز کے ملوث ہونے کا انکشاف

اسلام آباد: ایف آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں اے ٹی ایم اور کریڈٹ کارڈز کے فراڈ میں بھارتی ہیکرز ملوث ہیں جب کہ ہیکرز کو ڈیٹا بھیجنے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

Revealed of Indian hackers involved in ATM fraudاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے شکیل درانی نے بتایا کہ کراچی اور مختلف شہروں میں اے ٹی ایمز کی اسکمنگ میں ملوث ایک ملزم  کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ ملزم ثاقب اللہ راولپنڈی کا رہائشی ہے جس نے اٹلی میں رہائش پذیر عائشہ نامی لڑکی کے نام پر ڈیوائس خریدی اور ملزم بین الاقوامی سائبر گینگ سے تعلق رکھتا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ بھارتی ہیکرز نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں اے ٹی ایمز کی تصاویر منگوائیں، گرفتار ملزم ثاقب بھارتی، کنیڈین، امریکن اور نائیجرین ہیکرز سے رابطے میں تھا، اسکمنگ فراڈ کے لیے بھارتی ہیکرز چین سے مشینیں بنوا کر اسے بھیجتے تھے اور ملزم پاکستانی ڈیٹا بھارت میں موجود اپنے گینگ کو فراہم کرتا تھا، یہ گینگ جعلی کریڈٹ کارڈ بھی تیار کرکے رقوم حاصل کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم ثاقب کا براہ راست تعلق انڈین ہیکرز سے ہے،  یہ ملزمان سوشل میڈیا پر خواتین کی تصاویر شئیر کرنے کی دھمکی بھی دیتے تھے، ملزم خواتین کی وڈیو بنا کر بلیک میل بھی کرنے میں ملوث ہے اس کے ساتھی دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوشش کی جارہی ہیں۔ واضح رہے گزشتہ دنوں پاکستان کے مختلف شہروں میں اے ٹی ایم کے ذریعے اسکمنگ سے صارفین کا ڈیٹا چرا کر رقوم چوری کرنے کا انکشاف ہوا جس میں کئی بینک صارفین کو اپنی رقوم سے ہاتھ دھونا پڑا۔