counter easy hit

راولپنڈی میں عید میلاد النبی کےجلوس، ملکی خوشحالی کے لیے دعائیں

Eid Milad Nabi

Eid Milad Nabi

راولپنڈی (یس ڈیسک) راولپنڈی اور اسلام آباد میں عید میلاد النبی کے موقع پرجلوس نکالے گئے، جلوس کے شرکا نے ملک میں امن ،خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ راولپنڈی میں جشن عید میلاد النبی مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا۔ مرکزی جلوس کا آغاز جامع مسجد روڈ سے ہوا جو بنی چوک،مری روڈ ،کمیٹی چوک اور فوارہ چوک سے ہوتے ہوئے دوباہ جامع مسجد روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جلوس کے راستے پرسبیلیں لگائی گئی تھیں اور درجنوں اسٹیج بھی بنائے گئے تھے جہاں نعت خواں حضور پُر نور کو گُل ہائے عقیدت پیش کرتے رہے۔جلوس کے شرکا کا کہنا تھا کہ جشن عید میلاد النبی امن، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ دریں اثنااسلام آباد میں عید میلاد النبی کا مرکزی جلوس جی سیون مرکز سے برآمد ہوا اور اپنے راویتی راستوں سے ہوتا ہوا آب پارہ پر ختم ہوا۔

جلوس کے شرکا کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ جلوس کے راستوں پرڈھائی ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات تھے۔ جلوس کے شرکا نے شہدائے سانحہ پشاور کے لیے فاتحہ خوانی اور پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ علاوہ ازیں راولپنڈی اور اسلام آباد میں جشن عید میلاد النبی کے موقع پرنجی اور سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا۔