counter easy hit

راہول گاندھی نے کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی

Rahul Gandhi offered to resign from the Congress presidencyنئی دہلی: انتخابات میں ناکامی پر راہول گاندھی نے کانگریس کی صدارت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی، کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے راہول گاندھی کی پیشکش مسترد کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابات میں ناکامی کے بعد راہول گاندھی کی صدارت میں کانگریس کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ہوا جس میں راہول گاندھی نے پارٹی صدارت سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی، کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے راہول گاندھی کی پیشکش مسترد کردی، پارٹی قیادت نے جواب دیا کہ آپ مستعفی ہونے پر بضد ہیں تو اپنا متبادل پیش کریں۔ واضح رہے کہ بھارت کے لوگ سبھا کے انتخابات میں بی جے پی نے 301 نشستیں حاصل کیں جب کہ کانگریس صرف 50 کے قریب نشستیں جیتنے میں کامیاب ہو سکی۔ دوسری جانب حالیہ لوک سبھا الیکشن میں کامیابی سمیٹنے والے نریندر مودی نے کابینہ سمیت اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ نریندر مودی کے 30 مئی کو دوبارہ وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھانے کا امکان ہے۔ بھارت کے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں حکمران جماعت بی جے پی نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کی شام صدر مملکت رام ناتھ کووند سے اپنی کابینہ کے ہمراہ ملاقات کی اور اپنے عہدے کا استعفیٰ پیش کیا۔ وزیراعظم کے ساتھ تمام کابینہ ارکان نے بھی صدر کو اپنے استعفے پیش کیے جو قبول کرلیے گئے تاہم صدر نے نریندر مودی سے اپنے عہدے پر کام کرنے کی درخواست کی جو انہوں نے منظور کرلی۔ صدر کی دعوت کے بعد 30 مئی کو دوبارہ حلف اٹھانے تک مودی بطور کارگزار (نگران) وزیر اعظم اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔

قبل ازیں نئی دلی میں کابینہ کا اجلاس بھی ہوا جس میں 16ویں لوک سبھا تحلیل کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی ۔ مودی کے استعفیٰ کے بعد صدر رام ناتھ کووند لوک سبھا کو تحلیل کرکے سب سے بڑی جماعت بی جے پی کو حکومت سازی کی دعوت دیں گے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ نریندر مودی ہی بھارت کے اگلے وزیر اعظم ہوں گے اور وہ 30 مئی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے سے قبل اپنے حلقہ انتخاب وارانسی (اتر پردیش) کا 28 مئی کو دورہ کریں گے ۔ نریندر مودی حلف اٹھانے سے قبل اپنی ریاست گجرات کا دورہ بھی کریں گے۔خیال رہے کہ لوک سبھا انتخابات 2019 میں بی جے پی نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہے۔ بھارت کی حکمران جماعت کے حصے میں لوک سبھا کی 543 میں سے 303 نشستیں آئی ہیں جبکہ بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے مجموعی طور پر 353 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔