counter easy hit

کوئٹہ میں مطلع ابرآلود، وقفے وقفے سے ہلکی بارش

Rain

Rain

کوئٹہ (یس ڈیسک) وادی کوئٹہ میں دن بھر مطلع ابرآلود رہا اور ساتھ ہی وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا، وادی کوئٹہ میں بادل ہوں اور ساتھ بارش ہو تو نظارہ دیدنی ہوتا ہے، آج بھی وادی کے چہار سو بازو پھیلائے مٹیالے پہاڑوں کا سرمائی بادلوں سےجوڑ رہا کبھی بادل پہاڑوں کو اپنی اوٹ میں چھپا تے تو کبھی پہاڑ بادلوں کو ایک طرف ہٹاکر شان و شوکت سے سامنے آجاتے اور دیکھنےوالا اس نظارے کو دیکھتا ہی رہ جاتا۔

آج صبح بونداباندی سے شروع ہونےوالا ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا،ہار کے انتظار میں خزاں رسیدہ درخت اور پھول و پتے دھل گئےکہ انہیں اب سبزے کی اوڑھنی بھی تو اوڑھنی ہے، وادی میں بارش ہوئی تو مٹی کی سوندھی سوندھی خوشبو بھی جیسے فضا کو معطر کر گئی اور شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے کہ موسم کا اپنا رنگ اور مزاج ہوتا ہے۔

وادی کوئٹہ میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں تھوڑا اضافہ ہوگیا مگر یہ اضافہ لوگوں کو گھروں تک محدود نہیں کرسکا۔ کئی مختلف ریستورانوں اور سموسوں و پکوڑوں کی دکانوں پر پیٹ پوجاکرتے نظر آئے تو کئی یخنی اور سوپ سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے، اور پھر ابھی اہل کوئٹہ کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ خاطر جمع رکھیں کہ بارش میں بسے بادلوں کا یہ میلا آئندہ چوبیس گھنٹے مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔