counter easy hit

قطر کا برطانیہ سے 24 لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ

لندن / دوحہ: عرب ممالک کی جانب سے بائیکاٹ کے بعد قطر نے اپنا دفاع مضبوط بنانے کےلیے برطانیہ سے 24 جنگی طیارے خریدنے کا  معاہدہ کرلیا ہے۔

Qatar's contract to buy 24 fighter aircraft from Britainغیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ اور قطر نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں  لندن  اپنے 24 ٹائیفون لڑاکا طیارے دوحہ کو فروخت کرے گا۔ عرب پڑوسی ممالک کے قطر سے تعلقات ختم کرنے کے بعد دوحہ کا کسی دوسرے ملک سے یہ دوسرا بڑا دفاعی معاہدہ ہے۔ اس سے قبل رواں سال جون میں قطرنے امریکا سے 12 ارب ڈالر کی لاگت سے ایف 15 جنگی جہاز خریدنے کی تصدیق کی تھی جب کہ 2016 میں فرانس سے 24 ڈسالٹ رافیل لڑاکا طیاروں کا معاہدہ کیا تھا جس کی مجموعی مالیت تقریباً 8 ارب ڈالر تھی۔

قطر کی جانب سے غیر عرب ممالک سے دفاعی نوعیت کے معاہدے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب رواں سال 5 جون کو سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر سمیت دیگر عرب ریاستوں کی جانب سے دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات پر قطر کا بائیکاٹ اور تعلقات منقطع کرلیے گئے؛ اور یہ صورتِ حال اب تک جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق  جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر قطر کے وزیردفاع خالد بن محمد العطیہ اور ان کے برطانوی ہم منصب مائیکل فیلن نے دستخط کیے۔ قطر میں برطانوی سفیر نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ برطانیہ اور قطر کے مابین جنگی طیاروں کا مذکورہ معاہدہ ان دونوں ممالک میں دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے کےلیے پہلا قدم ہے۔