counter easy hit

پی ٹی آئی نے مبینہ دھاندلی کیخلاف ثبوت ہنگامی بنیادوں پر اکٹھا کرنا شروع کر دیئے

PTI

PTI

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے جوڈیشل کمشن کے قیام پر اتفاق کے بعد مبینہ انتخابی دھاندلی کے حوالے سے موجود ثبوتوں کو ہنگامی بنیادوں پر مرتب کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

الیکشن ٹربیونلز کی طرف سے انتخابی عذر داریوں میں سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کو بھی کمشن میں پیش کیا جائےگا۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان کمشن کے قیام پر اتفاق کے بعد پی ٹی آئی نے کمشن میں پیش ہونے کے لئے اپنی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے وکلاءاور مرکزی رہنماﺅں نے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے تمام نکات ، اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے علاوہ گورنمنٹ کی بجائے نجی پرنٹنگ پریسز سے چھپائی، پولنگ کے روز پیش آنے والے واقعات کی ویڈیوز سمیت اس حوالے سے موجود تمام ریکارڈ کو ترتیب دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب حکومت اور تحریک انصاف میں جوڈیشنل کمشن کی تشکیل پر اتفاق ہو گیا ہے۔ 16 مئی 2013 ءکے انتخابات میں مقناطیسی سیاہی کا معمہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔

ایک سال قبل اس مسئلے کے حوالے سے الیکشن کمشن میں اٹھائے گئے تین بنیادی سوالات پر کسی قسم کی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ تحریک انصاف کی جانب سے شدید اعتراضات کے باوجود الیکشن کمشن کے بند اجلاسوں میں اس مسئلے پر مزید تحقیقات کے لئے تین بنیادی سوالات پر افسروں کے جانب سے رائے سامنے آئی تھی ان سوالات میں کہا گیا تھا کہ مقناطیسی سیاہی استعمال کرنے کی ضرورت تھی یا نہیں، سیاہی بنائی گئی یا نہیں اور سیاہی استعمال بھی ہوئی یا نہیں۔ اس معاملہ پر پاکستان کونسل فار سائینٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ اور نادرا حکام کے ساتھ الیکشن کمشن نے مسئلہ حل کرنا تھا۔