counter easy hit

پوسٹر پر چیف جسٹس، آرمی چیف کی تصاویر لگانے پر پی ٹی آئی امیدوار نااہل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے گجرانوالہ سے پی پی 53 کے تحریک انصاف کے امیدوار ناصر چیمہ کو انتخابی پوسٹر پر چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر لگانے پر نااہل قرار دے دیا۔

چیف الیکشن کمیشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کیس سماعت کی۔

گجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار چوہدری ناصر چیمہ اور ان کے وکیل گوہر علی خان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

چوہدری ناصر چیمہ کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار نے یہ پیٹشن پی ٹی آئی کے خلاف دائر کی تھی کہ جماعت کی جانب سے ملک میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

ان کا موقف تھا کہ پوسٹر پر آرمی چیف اور چیف جسٹس تصاویر کو ایڈیٹ کیا گیا، یہ میرے موکل کے الیکشن مہم سے متعلق پوسٹر نہیں۔

وکیل نے مزید کہا کہ جسٹس اعجاز الاحسن کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد یہ پوسٹر ان کے حق میں لگایا گیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ گزشتہ سماعت پر ناصر چیمہ نے کہا تھا کہ الیکشن شیڈول سے پہلے پوسٹر چھاپا گیا تھا، کیا فوج اور عدلیہ کو آپ کی ہمدردی کی ضرورت ہے؟

ناصر چیمہ کے وکیل نے کہا کہ یہ پوسٹرز الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق جاری کرنے سے پہلے کے ہیں، عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ناصر چیمہ کو پی پی 53 سے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔

ای سی پی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-80 (گجرانوالہ) میں پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابی اشتہارات میں آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر آویزاں کرنے سے متعلق کیس پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی امیدواروں سے حلف نامہ لینے سے متعلق کیس پر فیصلہ بھی 11 جولائی تک کے لیے محفوظ کرلیا۔

ای سی پی میں حلف نامہ لینے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی لیکن تحریک انصاف کے وکیل بابراعوان ایک مرتبہ پھر کمیشن کے سامنے پیش ہوسکے اور نہ ہی ان کی جانب سے جواب جمع کرایا جاسکا۔

ای سی پی نے جواب جمع نہ کرانے پر تحریک انصاف پر برہمی کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی کے جونئیر وکیل نے مزید وقت دینے کی استدعا کی تاہم ای سی پی نے پی ٹی آئی کو مزید وقت دینے کی استدعا مسترد کردی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ’جب آپ ہمارا خیال نہیں کرتے تو ہم کیوں کریں؟‘

الیکشن کمیشن نے امیدواروں سے ٹکٹ کے لیے حلف نامہ لینے پر 11 جولائی کو فیصلہ سنانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ ٹکٹ کے لیے حلف نامے لینے پر پی ٹی آئی کے خلاف پی ٹی آئی رہنما ملک منیر اور راؤ وقاص نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔