counter easy hit

وزیراعظم عمران سخت نالاں

اسلام آباد: آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا اور اب وفاقی کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غلام سرور خان فردوس عاشق اعوان پر برہم ہو گئے اور کہا کہ آپ نے میرے خلاف بیان کس حیثیت سے دیا۔ آپ میرے بارے میں بیان سوچ سمجھ کردیا کریں۔ فردوس عاشق اعوان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں غلام سرور خان سے معذرت کی جب کہ وزیراعظم عمران خان بھی فردوس عاشق اعوان کے دیے گئے بیان پر نالاں نظر آئے اور انہیں تنبیہ کی کہ عقل سے سوچ سمجھ کر بات کیا کریں۔ پارٹی کی سینئیر قیادت بھی فردوس عاشق اعوان کے بیان پر نالاں نظر آئی۔ کہا گیا کہ فردوس عاشق اعوان کے حالیہ بیانات پارٹی بیانیے سے متصادم ہیں۔ اس کے علاوہ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان گاڑیوں کے بڑے قافلے کے ساتھ اپنے حلقے میں گئیں۔ لینڈ کروزر اور مہنگی پراڈو گاڑیوں پر ریلی نکالی گئی۔ ان اقدامات سے اپوزیشن کو تنقید کرنے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے واضح رہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ گیس کے مسئلے کے ذمہ دار کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران ہیں، غلام سرور خان کی وزارت سے متعلق میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا، میڈیا بریفنگ میں گیس کمپنیوں کی بد انتظامی کے بارے میں حقائق سے قوم کو آگاہ کیا تھا۔بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گیس کے مسئلے کے ذمہ داران کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیداران ہیں، ان عناصر کو بے نقاب کیا جنہوں نے سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ غلام سرور خان صاحب میرے نہایت قابل احترام بھائی ہیں، ان کی دل سے عزت کرتی ہوں، سیاق و سباق بدل کر کچھ اور رنگ دینا افسوسناک ہے۔