counter easy hit

وزیراعظم کا دورہ چین

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان 4 روزہ دورے پر چین میں موجود ہیں جہاں وہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے تو ان کا استقبال بیجنگ میونسپل کمیٹی کی ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کیا جس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہے۔ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین سب سے ہاٹ ٹاپک بنا ہوا ہے جس کی وجہ ان کا استقبال ایک چھوٹے عہدے کے اہلکار کی جانب سے کیا جانا ہے۔ ٹوئٹر پر ’بیجنگ میونسپل کمیٹی‘ اور ’ڈپٹی سیکریٹری جنرل‘ کے نام سے دو ہیش ٹیگ چل رہے ہیں جن میں یہی موضوع زیربحث ہے۔ لوگوں کی جانب سے عمران خان کو چین میں ملنے والی ’عزت‘ کی وجہ سے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن سابق وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال بھی کچھ اسی انداز میں ہوا تھا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مئی 2017 میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ چین کا دورہ کیا تھا۔ 12 مئی 2017 کو اس وقت کے وزیراعظم چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے تو ایئر پورٹ پر ان کا استقبال بیجنگ کی میونسپل کمیٹی کے وائس چیئرمین اور پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کیا تھا۔ سرکاری خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر نواز شریف کے استقبال کی تصویر اور خبر شیئر کی گئی تھی جس کا عکس خبر میں دیکھا جاسکتا ہے۔