counter easy hit

وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستانی وفد آج سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں یمن کی صورتحال کے حوالے سے پاکستانی وفد آج ہی سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس ہوا جس میں یمن میں جنگ کے باعث محصور پاکستانیوں کی واپسی کے امور کا جائزہ لیا گیا جب کہ اسحاق ڈار، خواجہ آصف، سرتاج عزیز اور طارق فاطمی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے پہلے مرحلے میں یمن سے پاکستانیوں کی محفوظ واپسی کے عمل پر اطمینان کا اظہار اور دیگر محصور پاکستانیوں کو جلد ازجلد واپس لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں رہ جانے والے پاکستانیوں کی واپسی کے انتظامات تسلی بخش کئے جائیں۔

اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور عسکری حکام پر مشتمل وفد آج ہی سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا جو وہاں جاکر یمن میں جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لے گا اور اگلے ہی روز واپس آکر وزیر اعظم کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کرے گا۔