counter easy hit

وزیراعظم اور آرمی چیف آج کابل جائینگے، انسداد دہشتگردی, دو طرفہ تعاون پر بات ہو گی

Nawaz Sharif and General Raheel

Nawaz Sharif and General Raheel

اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف آج ایک روزہ دورے پر کابل جائیں گے، دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے، دہشتگردی کیخلاف جنگ اور افغانستان میں مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد آج افغانستان کے ایک روزہ دورہ پر روانہ ہوگا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی وزیراعظم کے ہمراہ افغانستان کا دورہ کرینگے۔ انہیں اس دورے کی دعوت افغان صدر اشرف غنی نے دی ہے جن کیساتھ ان کی ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔ اس کے علاوہ افغان چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ وزیراعظم ایک ایسے وقت میں یہ دورہ کر رہے ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اپنی بہترین نہج پر ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں قیام امن کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف کا یہ افغانستان کا دوسرا دورہ ہوگا. اس سے قبل 30 نومبر کو افغانستان کا دورہ کیا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر، چیف آف جنرل سٹاف زبیر محمود حیات، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔