counter easy hit

وزیر اعظم اور آرمی چیف سندھ حکومت کی ایم کیو ایم دشمنی کانوٹس لیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ایم کیو ایم کی دشمن بنی ہے، وزیر اعظم اور آرمی چیف صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

چیف منسٹر ہاؤس کراچی کے باہر ایم کیو ایم کے دھرنے سے خطاب کے دوران الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کا قتل عام کرایا، وہ 25 سال سے اپنے پیاروں سے دور زندگی گزار رہے ہیں لیکن ایم کیو ایم کے کارکنوں پر جو گزر رہی ہے وہ اس سے اچھی طرح واقف ہیں۔

وہ جاں بحق کارکنوں کے اہل خانہ کےغم میں برابر کے شریک ہیں۔ کارکنوں کے ساتھ دشمن سے بدتر سلوک کیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ وزیر داخلہ بھی ہیں اس لئے ان پر دہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ کل تک کارروائی نہیں ہوئی تو رابطہ کمیٹی سہ پہر تک اگلا لائحہ عمل طے کرے گی۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ایم کیو ایم کے کارکنوں سے دشمنوں جیسا سلوک کرتے ہیں، پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور وزرا سوئے پڑے ہیں۔ اس صورت حال میں وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔ اس طرح کی زندگی نہیں گزار سکتے جس میں ہمیں پاکستان کا شہری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن جان دے دیں گے مگر حوصلہ نہیں ہاریں گے، سازش کرنے والوں کو مکافات عمل کا سامنا کرناپڑے گا۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ انہوں نے صبر اور تحمل سے کام لیا ہے، برطانیہ میں ان کے خلاف مقدمہ چل رہا ہے، جس کی وجہ سے ان کا پاسپورٹ برطانوی حکومت کے پاس ہے، وہ چاہتے ہیں کہ انہیں جلد از جلد پاسپورٹ ملے تاکہ وہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے وطن آئیں اور اپنے مشن کے لئے اپنی جان قربان کردیں۔