counter easy hit

کورونا وائرس کی وبا کی مار جھیل رہے بھارت اب ایک قدرتی آفت سے دوچار ہوگیا ہے سپر سائیکلون ’امپھان‘ نے اس کی مشرقی ریاستوں بنگال اور اوڈیشا پر دستک دے دی ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کی مار جھیل رہے بھارت اب ایک قدرتی آفت سے دوچار ہوگیا ہے سپر سائیکلون ’امپھان‘ نے اس کی مشرقی ریاستوں بنگال اور اوڈیشا پر دستک دے دی ہے۔

گزشتہ دو عشرے میں خلیج بنگال میں اٹھنے والے سب سے خطرناک سپر سائیکلون ’امپھان‘ نے بھیانک صورت اختیار کرلی ہے اور بدھ 20 مئی کو یہ جب بھارت کے مشرقی علاقوں بنگال اور اوڈیشاسے ٹکرائے گا تو اس وقت 265 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور بھاری بارش ہوگی، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی کا خدشہ ہے۔

1999کے بعد خلیج بنگال میں آنے والا یہ خطرناک ترین سپر سائیکلون سب سے پہلے بنگلہ دیش کے ہٹیا جزیرہ اور مغربی بنگال کے دیگہا سے ٹکرائے گا۔اس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ حکام نے صورت حال کا اندازہ لگاتے ہوئے ہزاروں افراد کو ساحلی علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانا شروع کردیا ہے۔ جن عمارتوں کو کورونا وائرس سے متاثرین کے لیے قرنطینہ کے طور پر استعمال کرنے کیے تیار کیا گیاتھا انہیں اب عارضی امدادی مراکز میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

’امپھان‘ نے ان ہزاروں مزدوروں کی مصیبتیں بڑھادی ہیں جو لاک ڈاون کی وجہ سے بے روزگار ہوجانے کے بعد دیگر ریاستوں سے مغربی بنگال اور اوڈیشا میں اپنے اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ ان میں سے بہت سے لوگ کسی طرح یا پھر پیدل سینکڑوں میل کا سفر طے کر کے اپنے گھر پہنچے تھے۔

وزیر اعظم نے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی جس میں امپھان سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ایک ٹوئٹ کر کے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 25 ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے جبکہ بارہ دیگر ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے۔

وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی اور اوڈیشا کے وزیر اعلی نوین پٹنائک سے فون پر بات کی ہے اور انہیں ہر ممکن مدد اور اعانت کی یقین دہانی کرائی۔

کابینہ سکریٹری راجیو گاوبا نے بھی نیشنل کرائسس مانیٹرنگ کمیٹی کی میٹنگ کی جس میں این ڈی آر ایف، فوج، نیم فوجی دستوں کے علاوہ بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن محکموں کو ہنگامی خدمات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی۔ بھارتی کوسٹ گارڈ اور بھارتی بحریہ نے بھی امداد اور بچاو کے کاموں کے لیے اپنے کئی جہاز او رہیلی کاپٹر تیار رکھے ہیں۔ ان ریاستوں میں بھارتی فضائیہ کی یونٹوں کو بھی ہنگامی حالات میں مدد کے لیے تیار رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق اس سپر سائیکلون سے مغربی بنگال میں مشرقی میدنی پور، جنوبی اور شمالی چوبیس پرگنہ، ہوڑہ، ہوگلی اورکولکاتا اضلاع کے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ اس سے اوڈیشا کے ساحلی اضلاع بشمول جگت سنگھ پور، کیندر پاڑا، بھدرک اور بالا سور بھی متاثر ہوں گے۔ امپھان سے بہار اور آندھرا پردیش میں بھی تیز ہوائیں ا ور بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 1999کے سپر سائیکلون میں نو ہزار افراد مارے گئے تھے۔ ماہرین کے مطابق امپھان جس تیز رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے اس کے مدنظر زبردست تباہی ہونے کا خدشہ ہے۔

اس سپر سائیکلون کی وجہ سے کورونا وائرس کے سبب پہلے سے ہی اقتصادی بحران سے دوچار بھارت کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website