روم …….. پاپائے روم پوپ فرانسیس کی سیکرٹری مریم وولدوکی پراسرارہلاکت پر تحقیقات شروع ہو گئیں، انھیں حال ہی میں ویٹی کن کے قریب ان کے فلیٹ میں مردہ حالت میں پایا گیا ۔
تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا انھیں قتل کیا گیا ہے یا وہ طبعی وجوہات سے فوت ہوئی ہیں۔ایک عرب ویب سائٹ کے مطابق اطالوی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کی مریم وولدو کا آبائی تعلق افریقی ملک ایتھوپیا کی سیاہ فام نسل سے تھا اور وہ گذشتہ سات ماہ سے حاملہ ہونے کے ساتھ ساتھ شوگر کی مریضہ بھی تھیں۔وہ علاج کے لیے وقفے وقفے سے ویٹیکن سے باہر اٹلی کے ایک دوسرے شہر میں اپنے گھر بھی جاتی رہی ہیں۔ گذشتہ جمعہ کو انھیں ویٹیکن ہی میں انکے فلیٹ میں مردہ حالت میں پایا گیا۔ پولیس نے خفیہ طور پرمریم کی موت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مریم کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جس میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے جسم پرتشدد کا کوئی نشان نہیں ہے۔