counter easy hit

تین سالہ دور میں بہترین کارکردگی سے سفیر پاکستان غالب اقبال فرانس سے نئی منزلوں کی طرف گامزن

Last Meeting with H.E. Ambassadeur du Pakistan Ghalib Iqba (8)

پیرس (صاحبزادہ عتیق سے) تین سالہ دور میں اپنی بہترین کارکردگی سے پاکستانی کمیونٹی کے دلوں میں گھر کر کے سفیر پاکستان غالب اقبال فرانس اپنا دور سفارتکاری ختم کرکے پاکستان میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے کل فرانس سے روانہ ہوجائیں گے۔ فرانس کی پاکستانی کمیونٹی اور کمیونٹی نمائندوں کی طرف سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پیرس کی پاکستانی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ پیرس میں آج تک غالب اقبال جیسا قابل ، محنتی اور پاکستان کے وقار کیلئے دن رات کام کرنے والا سفارتکار نہیں آیا۔ تفصیل کے مطابق فرانس میں پاکستان کے سفیر غالب اقبال فرانس میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں نبھانے کے بعد رخصت ہو گئے ہیں۔

الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر غالب اقبال نے کہا کہ فرانس میں مقیم پاکستانی بہت محنتی امن پسند ہیں اور محنت کے بل بوتے پر ہی فرانس میں اپنا لوہا منوایا ہے اور پاکستانیوں کی محنت اور امن پسند ہونے کا ثبوت یہ ہے کہ فرانس کے اعلٰی ایوانوں میں بیٹھے ہوئے پالیسی ساز اس بات کا برملا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے کہ آئندہ چند سالوں میں کچھ پاکستانی فرانس کی پارلیمنٹ اور سینٹ کے ممبر ہوں اور فرانس پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔ ۔گزشتہ تین سالوں میں افواج پاکستان کے سفارتخانہ پاکستان میں تعینات افسران کی کوششوں سے پاک فرانس تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ اس کے علاوہ کمرشل سیکشن کی انتھک محنت سے فرانس پاکستان بزنس میں پچیس فیصد سے زائد اضافہ ہؤا ہے۔

سفیر پاکستان نے خصوصی طور پر پریس منسٹر طاہر خوشنود کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس تین سالہ دور میں پاکستان کے کاز اور سفارتخانہ کی کارکردگی کو میڈیا کے ذریعے کمیونٹی اور اداروں تک پہنچانے کیلئے محنت کی۔ میں امید کرتا ہوں کہ میرے دور سفارتکاری میں قونصلر سیکشن میں جو بہتری آئی ہے ، اس میں مزید بہتری آئے گی اور کمیونٹی کے مسائل بغیر کسی رکاوٹ کے حل ہوتے رہیں گے۔

پریس منسٹر طاہر خوشنود نے اپنے خطاب میں سفیر پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قائدانہ صلاحیتوں نے سفارتخانہ کے تمام عملہ کو ایک لڑی میں پرودیا۔ اور ہم نے ایک فیملی کی طرح پاکستان کیلئے کام کیا یہ سب آپکی سرپرستی کی وجہ سے ممکن ہؤا۔

سفارتخانہ پاکستان پیرس کی طرف سے منعقدہ اس الوداعی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے صدر اختر علی بٹ ، جنرل سیکریٹری محمد یوسف خان۔ کو آرڈینیٹر پاکستان تحریک انصاف چوہدری گلزار لنگڑیال ، منہاج القرآن فرانس کے صدر اعظم چوہدری ،پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کے صدر صاحبزادہ عتیق الر حمن ، مسلم ہینڈز فرانس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مبشر ملک اور دیگر کمیونٹی نمائندوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔