اسلام آباد: بھارت کی جانب سے ایک بار پھر پاکستان میں سزائے موت پانے والے ’’را‘‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا گیا جسے پاکستان نے مسترد کردیا۔

Pakistan rejected again Indian demanded consular access to kulbhushan
پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والا نے اسلام آباد میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی جس میں ایک مرتبہ پھر کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کی اجازت مانگی گئی تاہم پاکستان نے ایک مرتبہ پھر دوٹوک الفاظ میں بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ جاسوس کو قونصلر تک رسائی نہیں دی جا سکتی۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان عام قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہے جب کہ کلبھوشن پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اور ’’را‘‘ کے لئے کام کر رہا تھا اور اس نے جاسوسی، دہشت گردی اور تخریب کاروں کی مالی معاونت کا اعتراف بھی کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت متعدد بار کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی درخواست دے چکا ہے لیکن پاکستان نے ہر بار بھارت کی درخواست کو مسترد کر دیا۔








