counter easy hit

پاکستان نے جنگی جہاز چین کو تحفے میں دے دیا

بیجنگ: پاکستان کی جانب سے پاک فضائیہ کے زیر استعمال رہنے والا سیبر جنگی جہاز چین کے میوزیم کو تحفے کے طور پر دیا گیا ہے۔

ویب سائٹ ریڈٹ پر شاہ نصیب بابر نامی صارف نے سیبر فائٹر جیٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کی جانب سے یہ جنگی طیارہ بیجنگ ایوی ایشن میوزیم میں رکھنے کیلئے تحفے کے طور پر دیا گیا ہے۔

پاکستان کا سیبر طیارہ 1965 اور 1971 کی جنگوں میں پاک فضائیہ کے زیر استعمال رہا ہے۔ 1965 میں اسی طیارے کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان نے بھارتی ہنٹر طیاروں کو ناکوں چنے چبوائے تھے۔ پاکستان نے اس جنگ میں بھارت کے 110 طیارے تباہ کیے جبکہ 19 کو نقصان پہنچایا تھا۔

بیجنگ ایوی ایشن میوزیم کی بنیاد پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے 40 ویں یوم تاسیس پر 11 نومبر 1989 کو رکھی گئی تھی ۔ یہ داتنگشان نامی پہاڑی پر بیجنگ شہر سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ میوزیم میں 200 سے زائد جنگی طیارے رکھے گئے ہیں، ان میں زیادہ تعداد ان طیاروں کی ہے جنہوں نے کورین اور سرد جنگوں میں حصہ لیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی جانب سے چین کے ایوی ایشن میوزیم کیلئے پاک فضائیہ کے زیر استعمال معراج 3 کا تحفہ بھی دیا جاچکا ہے۔