counter easy hit

اپوزیشن کا نئے ٹیکسز کیخلاف قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (یس ڈیسک) اپوزیشن نے فرنس آئل پر ڈیوٹی اور پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں 5 فی صد فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ ان ٹیکسز کے نفاذ کیخلاف قومی اسمبلی سے واک آؤٹ بھی کیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ ٹیکسز کے نفاذ سے قبل اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جاتا تو بہتر راستہ نکل آتا۔ایم کیو ایم کے رشید گوڈیل نے ٹیکسز کے نفاذ کو منی بجٹ قرار دیا۔

عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید نے کہا کہ قطر سے درآمدی گیس کی قیمت بتائی جائے۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں ایس آر اوز جاری کیے لیکن اس کا نتیجہ بھی بھگتا، پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی 17 سے 22 فی صد کرنے کو ہضم کرلیں گے۔

مگر مزید 5 فی صد اضافہ قبول نہیں کیا جائیگا،حکومت نے جی ایس ٹی اور فرنس آئل پر ڈیوٹی میں فوری طور پر 5 فی صد کمی نہ کی تو احتجاج جاری رکھا جائیگا ۔ اس کے بعد اپوزیشن ایوان سے واک آوٹ کر گئی اورا سپیکر نے اجلاس جمعہ کی صبح تک ملتوی کر دیا۔