counter easy hit

پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی لاکھ جتن کے باجود خود کو پاک صاف ظاہر نہیں کر سکتیں: سلیم صافی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نامور صحافی و تجزیہ نگار سلیم صافی کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے جوڑ توڑ کی تو ہی پی ٹی آئی کی حکومت معرض وجود میں آئی، لیکن انہوں نے جوڑ توڑ خود کو بچانے کے لیے کی تھی، زرداری صاحب اور نواز شریف سے کوئی اور نہیں وقت انتقام لے رہا ہے، جب یہ حکومت میں تھے تو انہوں نے نیب قوانین میں ترمیم کیوں نہیں کی؟تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلیم صافی کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں نیب قوانین میں تبدیلی یا ترامیم کیوں نہیں کی گئی، نواز شریف اور آصف زرادری سے وقت انتقام لے رہا ہے، ماضی میں خود کو بچانے کے لیے آصف زرداری نے جوڑ توڑ کی کیونکہ انکا خیال تھا کہ ایسا کرنے سے میں بچ جاؤں گا، اگر زرداری صاحب جوڑ توڑ نہ کرتے تو شاید یہ حکومت نہ بن پاتی ۔ سلیم صافی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب نے ابھی تک لاپتہ افراد کے حوالے سے کچھ نہیں کیا، بتائے کیا تیر مارا ہے انہوں نے؟ اس ملک میں اخلاق کا زوال ہے، کوئی بھی اپنے گریبان میں جھانکنے کو تیار نہیں ہے، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف لاکھ جتن کر لیں لیکن کبھی بھی خود کو پاک صاف نہیں ظاہر کر پائیں گی ،اسی لیے دوسروں کی خامیوں کا ذکر کیا جاتا ہے۔ تجاوزات آپریشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی کا کہنا تھا کہ ہر سیاستدان کسی نہ کسی مفاد کی خاطر کوئی قدم اُٹھاتا ہے، تجاوزات کے حوالے سے جتنا بھی مقدس کام تھا اسے اتنے ہی خطرناک طریقے سے سر انجام دیا گیا، سیاستدان اس کام میں ملبہ ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہوں نے سہی کام کو بھی غلط طریقے سے سر انجام دے دیا ہے۔