راولپنڈی: سیشن عدالت نے 9 سالہ بچی کو اغوا، زیادتی اور قتل کرنے والے مجرمان کو دو دو بار سزائے موت سنا دی۔

گزشتہ سال مئی میں راولپنڈی کے علاقے اسماعیل آباد میں عائشہ پروین کو پڑوسی کامران نے اپنے ساتھی تیمور کے ساتھ مل کر اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ جرم کے بعد ملزمان واپس اپنے گھروں کو چلے گئے اور مقتولہ کے اہل خانہ کے ساتھ مل کر بچی کو تلاش کرنے لگ گئے۔ اس دوران محلے کے کسی شخص نے راز کھول دیا کہ عائشہ کو محلہ دار کامران ساتھ لے کر گیا، جس پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لیا تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔








