counter easy hit

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 27 دہشت گرد ہلاک

Aerial Action

Aerial Action

راولپنڈی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی اور جھڑپوں کے دوران 27 دہشت گرد ہلا ک جب کہ 7 اہلکار زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے مصدقہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 22 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

اس سے قبل میرعلی کی کجھوری چیک پوسٹ پردہشت گردوں نے خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا تھا،اس دوران انہوں نے راکٹ لانچر بھی داغے جس کے باعث 7 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے حملے پر فوری جوابی کاروائی کی جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

دوسری جانب پشاور پولیس نے خیبرایجنسی سے متصل علاقے ریگی میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے. ایس ایس پی آپریشنز پشاور کا کہنا ہے کہ برآمد کئے گئے اسلحے میں 5 ایس ایم جی، 1 ایل ایم جی، 7 رائفل، 8 پستول، 1 مارٹرگولہ اور 2 دستی بم بھی شامل ہیں۔