کراچی: پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے بعد اداکارہ نور بخاری نے بھی ایف بی آر کی جانب سے اپنے اثاثے ضبط کیے جانےکی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ذمہ داری شہری ہیں ان کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانی بند کی جائیں۔

صبا قمر کے بعد اداکارہ نور بخاری نے بھی اثاثے ضبط ہونے کی خبروں کو جھوٹ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب افواہیں ان کی شخصیت کو تباہ کرنے کے لیے پھیلائی جارہی ہیں ، وہ ایک ذمہ دار شہری ہیں اور باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتی ہیں۔ ہاں یہ سچ ہے مجھے ٹیکس ادا نہ کرنے کا نوٹس موصول ہواہے جس میں لکھا ہے کہ میں 1.5 ملین (15 لاکھ)روپے کی ٹیکس نادہندہ ہوں لیکن میرا کیس پہلے ہی عدالت میں موجود ہے لہٰذا اس صورتحال میں نوٹس موصول ہونا سمجھ سے باہر ہے، میں کیوں اتنی بڑی رقم ٹیکس کی مد میں ادا کروں جب کہ میں پچھلے دو سالوں سے انڈسٹری میں کام نہیں کررہی میری اتنی آمدنی نہیں ہے کہ میں اتنا زیادہ ٹیکس ادا کروں۔
نور کا کہنا تھا بہت سے لوگ میری شخصیت کو برباد کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اور مجھے یقین ہے کہ ٹیکس چوری کی منصوبہ بندی بھی ان لوگوں کی جانب سے ہی کی گئی ہے لیکن میں اپنے حق کے لیے لڑوں گی۔ واضح رہے کہ 3 روز قبل یہ خبر وائرل ہوئی تھی کہ اداکارہ صبا قمر کے ذمہ 2016 کے انکم ٹیکس کی مد میں 32 لاکھ اور اداکارہ نور بخاری پر انکم ٹیکس کی مد میں 14 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔








