counter easy hit

نائن زیرو سے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا تاثر دیکر ایم کیو ایم کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا، فاروق ستار

 Farooq Sattar

Farooq Sattar

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ رینجرز کی کارروائی کے دوران جن افراد کو گرفتار کیا وہ نائن زیرو نہیں بلکہ اطراف کے علاقے سے گرفتار ہوئے لیکن نائن زیرو سے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا تاثر دے کر ایم کیوایم کی سیاسی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم سے کہا کہ کراچی سے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے انہیں ایم کیو ایم کا تعاون پہلے بھی حاصل تھا اور آج بھی ہے۔

ایم کیو ایم میں جرائم پیشہ افراد کی کوئی جگہ نہیں جب کہ رینجرز کی کارروائی کے دوران جن افراد کو گرفتار کیا گیا وہ نائن زیرو نہیں بلکہ اس کے اطراف کے علاقے سے گرفتار ہوئے لیکن نائن زیرو سے جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کا تاثر دے کر ایم کیوایم کی سیاسی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ہم نے نہ تو وہاں کسی جرائم پیشہ افراد کو پناہ دی اور نہ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے سوال کیا کہ صولت مرزا کی وڈیو ان کی پھانسی سے چند گھنٹے قبل کس نے جاری کی اور اس کے پیچھے کیا عوامل کار فرما تھے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ نائن زیرو پر غیر قانونی اسلحہ تھا نہ ہے اور نہ ہی ہوگا وہاں کارروائی کے دوران رینجرز نے جو اسلحہ قبضے میں لیا اس کے لائسنس کی کاپیاں وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کو فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے کہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں رکاوٹ نہیں ڈالی اور نہ ہی کارکنوں کی گرفتاری پر ہم نے احتجاج کیا لیکن الطاف حسین کی معمر اور بیمار بہن کے گھر پر چھاپہ مارا گیا جو غلط ہے۔