counter easy hit

رات گئے پنجاب میں دھند کے ڈیرے، لاہور ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل

Fog

Fog

لاہور (یس ڈیسک) رات ڈھلتے ہی پنجاب اور سندھ کے بیشتر علاقے ایک بار پھر دھند کی آغوش میں چلے گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری رہے گا۔ شدت اور دورانیہ بڑھنے کا بھی امکان ہے، دھند، دھند اور صرف دھند، شہر اقتدار اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے۔

بعض علاقوں میں حد نگاہ صفر ہوگئی، محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں دھند کا دورانیہ 5 گھنٹے رہے گا اور صبح دس بجے تک ختم ہو جائے گا۔ دوسری طرف باغوں کا شہر لاہور دن کو بادلوں کے نرغے اور رات گئے ملگجی روشنیوں کے ساتھ دھند کے بادلوں میں گھرا رہا۔

تاہم آج صبح خنک ہواؤں کے ساتھ موسم کھلا ہوا ہے۔ لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے جس کی وجہ سے پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، وہاڑی اور دیگر علاقے بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں، حد نظر کم ہونے کے بعد موٹر وے پر سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں شدید سردی کی لہر تاحال برقرار ہے۔ کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان میں سری کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کے بعد درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا۔ گزشتہ روز پارا چنار میں پارہ منفی 7 تک گر گیا۔ گوپس میں درجہ حرارت منفی 6 اور سکردو میں منفی 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔