counter easy hit

نواز شریف بنام پرویز رشید!

Nawaz Sharif named Rashid!

Nawaz Sharif named Rashid!

پیارے پرویز صاحب، اسلام علیکم کے بعد عرض ہے کہ حالات دن بدن بگڑتے چلے جا رہے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ بیڑا غرق کرے اس احمق صحافی کا کہ جس کی وجہ سے ہمیں آج یہ دن دیکھنا پڑرہے ہیں۔

میرا خیال تھا کہ یہ کوئی انگریز ہے جو نہایت سمجھدار اور پڑھا لکھا ہو گا چنانچہ خبر لکھتے وقت ہتھ کچھ ہولا رکھے گا مگر افسوس صد افسوس کہ ایک تو وہ سرے سے انگریز ہی نہیں ہے۔ بلکہ اچھا خاصا پکے رنگ کا کوئی ڈارک براؤن صاحب ہے جس نے محض انگریزوں والا نام رکھ کر یونہی شو شا بنا رکھی ہے۔

مجھے کامل یقین ہے کہ اگر ایجنسیاں اس پر تھوڑی محنت کریں تو یہ سب کچھ فر فر بیان کر دے گا کہ خبر آئی کدھر سے اور چھپی کیسے۔ اس سے نہ صرف سارا نزلہ ہم پر گرے گا بلکہ ہمارے وہ دوست بھی خواہ مخواہ دھر لیے جائیں گے جنھوں نے محض حق دوستی ادا کرتے ہوئے یہ اڑتا تیر ’’بغل‘‘ میں لینے کا ارتکاب کیا، ہیں جی؟

شہباز صاحب کا خیال ہے کہ ہم لوگ پاناما لیکس سے تو کسی نہ کسی طور بچ ہی جاتے مگر اس فضول نیوز اسٹوری کی بدولت انشااللہ ضرور پکڑے جائیں گے۔ یہ انشا اللہ میں نے شہباز صاحب کی طرف سے احتیاطاً کہہ دیا ہے۔

بہر حال اگر اس مرتبہ بھی ہم بچ گئے تو یہ میرا وعدہ رہا کہ آئندہ آصف زرداری کی کوئی بات نہیں ماننی۔ آپ کو یہ جان کر دلی حیرت ہو گی کہ یہ حرکت بھی ہم نے موصوف کے اکسانے، ورغلانے، بہلانے اور پھسلانے پر ہی کی تھی۔ آپ کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ فوج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرف ڈٹ جائیں۔ بس اتنا سننا تھا کہ ہم اور ہمارا میڈیا سیل ڈٹ گئے۔ بعد میں پتہ چلا کہ حضرت کی مراد بھارتی فوج سے تھی۔ خیر، اس بندے کی کسی بات پر یقین نہیں کیا جا سکتا۔

آذربائیجان کا دورہ نہایت دلچسپ رہا۔ باکو میں مقیم ہمارے چند پرانے خدمت گزاروں نے ہماری بہت ٹہل سیوا کی۔ شہباز صاحب کی زبانی سنا تھا کہ یہاں کے کیوی یار بہت مقوی اور تیر بہدف ہوتے ہیں۔ چنانچہ میں نے کوئی ڈیڑھ دو کلو کیوی یار ناشتے ناشتے میں ہی اڑا دیئے۔ مگر خدا خراب کرے ان وہیل مچھلیوں کو بھی کہ نہایت ناخالص انڈے دینے لگی ہیں۔ ماسوائے چار پانچ کے کسی ایک نے بھی وہ اثر نہیں دکھایا جس کا بڑا چرچا سنتے تھے۔ ویسے بھی، اب نہ تو وہ زمانے رہے اور نہ ہی وہ خوراکیں۔ تاہم شہباز شریف پر اس قماش کی مقویات آج بھی خوب اثر کرتی ہیں۔ کمال ہے بھئی، ہیں جی؟

میری پکی اطلاع ہے کہ اس مرتبہ ہماری منجھی لازمی ٹھونک دی جائے گی اور آغاز اس کام کا ہوچکا ہے۔ آپ آجکل چیف جسٹس صاحب کے تیور دیکھ ہی رہے ہوں گے۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ہمارا مکو عدلیہ کے ذریعے ہی ٹھپنے کی پلاننگ ہو چکی ہے۔ میں یہاں بھی احتیاطاً انشا اللہ کا استعمال ضرور کروں گا کہ چوہدری نثار بھی اس طرح کی ہر فضول بات دعائیہ لہجے میں ہی کیا کرتا ہے۔

اوے۔۔۔۔مجھے اچانک یاد آگیا کہ مریم بیٹی کو پارٹی صدر بنوانے کی میری آخری کوششیں بھی ناکام ہو چکی ہیں۔ میرا خیال تھا کہ اگرنصیبِ دشمناں مجھے واقعی ہٹا دیا جاتا ہے تو میں فوری طور پر پارٹی صدارت مریم بیٹی کے حوالے کر دوں گا جس سے جمہوری قوتوں کو بہت فایدہ ہو سکتا تھا مگر افسوس کہ شہباز صاحب کی بے تکی منطق نے میری ایک نہ چلنے دی۔ خیر، وہ کسی نے کیا خوب کہا ہے۔

اپنے ہی گراتے ہیں نشیمن پر بجلیاں
وہ شمع کیا بجھے جسے روشن خدا کرے، ہیں جی؟

فقط وسلام
آپکا

(نوازشریف)

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website