counter easy hit

بلوچستان دل کے بہت قریب ہے:وزیر اعظم

nawaz sharif

balochistan nawaz sharif

اسلام آباد…….وزیراعظم نوازشریف نے مری معاہدے کے تحت سردار ثناءاللہ زہری کو بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ مقرر کردیا۔وزیر اعظم کا کہناہےکہ بلوچستان ان کے دل کے بہت قریب ہے،امید ہے نئے وزیراعلیٰ صوبے کی امن وسلامتی اورترقی یقینی بنانے کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت بلوچستان سے متعلق اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، پہلے سیشن میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، حاصل بزنجو، محمودخان اچکزئی،وفاقی وزراء اور مشیروں نے شرکت کی ۔نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے مری معاہدے کے تحت ڈھائی سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد بلوچستان کی وزارت اعلیٰ چھوڑنے پر آمادگی ظاہر کر دی۔
وزیراعظم نے ایک موقع پرڈاکٹر عبدالمالک سے خوشگوار موڈ میں کہاکہ ایک مری معاہدہ تھا اس بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ ڈاکٹر عبدالمالک بولے جی ہاں !عمل درآمد پر تیار ہیں، مکمل تعاون کریں گے۔وزیراعظم نے سردار ثناء اللہ زہری،عبدالقادر بلوچ اور دیگر عہدے داروں سے بھی الگ مشاورت کی اور اتحادیوں کے ساتھ جون 2013ء کے مری معاہدے کے تحت سردار ثناء اللہ زہری کو بلوچستان کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا جو ایک ہفتے میں اپنا عہدہ سنبھال کر نئی کابینہ تشکیل دیں گے۔پختون خوا ملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی صوبائی حکومت کا حصہ ہوں گے۔