counter easy hit

نوازشریف کچھ بھی کر لیں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات جیت کر دکھائیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (یس ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کچھ بھی کرلیں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتخابات جیت کر دکھائیں گے۔

اسلام آباد میں آزاد کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سندھ اور پنجاب پولیس اسٹیٹ بنے ہوئے ہیں، ملک کی دونوں سیاسی جماعتوں نے بلدیات کے نظام کو ختم کرکے تمام اختیارات اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں لیکن تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کروا کر گاؤں کی سطح پر عوام کو ان کے اختیارات منتقل کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) صاف ، شفاف ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات پر یقین نہیں رکھتیں، نواز شریف تو وہ شخص ہیں جو کرکٹ بھی اس وقت تک نہیں کھیلتے جب تک اپنا امپائر نہ رکھ لیں۔ انہوں نے گلگت میں اپنا امپائرکھڑا کرلیا ہے جب کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کو ملتوی کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ نواز شریف جو چاہیں کرلیں ہم آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں انتخابات جیت لیں گے۔