counter easy hit

بھارت کی جوہری طاقت میں اضافہ پاکستانی سلامتی کیلئے خطرہ ہے :ناصر جنجوعہ

: Nasser Janjua

: Nasser Janjua

ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کی بجائے ہمیں امن کیلئے کام اور مستقبل محفوظ بنانا ہوگا ، آئندہ نسلوں کیلئے کیا چھوڑ کر جائیں گے :مشیر قومی سلامتی کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (یس اُردو) مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی دفاعی ، جوہری طاقت میں اضافہ پاکستانی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ، پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک ختم کیا جائے ۔ کہتے ہیں آج دنیا میں کوئی محفوظ نہیں ، ایک دوسرے کا خون پیا ، اعضاء چبائے اور انسانیت کو کچلا جا رہا ہے ، کیا آئندہ نسلوں کیلئے یہی چھوڑیں گے ۔ عالمی امن کی ترویج اور بین الاقوامی تعاون کے محرکات پر بین الاقوامی کانفرنس اسلام آباد میں ہوئی ، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلا تخصیص خطہ و وقت ، آج دنیا میں کوئی محفوظ نہیں ، آج خون پیا ، اعضاء چبائے اور انسانیت کو کچلا جا رہا ہے ،کیا یہی ہم آئندہ نسلوں کیلئے چھوڑیں گے ۔ کون قتل عام میں ملوث ہے اور کیوں ، کوئی واضح جواب نہیں ، ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے امن کیلئے کام کرنا اور مستقبل محفوظ بنانا ہوگا ۔ مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ پاکستان تمام تر تباہی اور آزمائشوں کے باوجود امن کا علمبردار ہے ۔ عالمی افواج افغانستان کو تنہا چھوڑ کر چلی گئیں لیکن افغان اور پاکستانی نتائج بھگت رہے ہیں ۔ کیا دنیا نے کبھی پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کیا یا درپیش خطرات کا احاطہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کیا پاکستان نے سوویت یونین کو کہا تھا کہ افغانستان پر چڑھائی کرو ، کیا افغان سویت یونین کیخلاف اکیلے جنگ لڑ سکتا تھا یا امریکہ پاکستان کے بغیر یہاں آ سکتا تھا ۔ سویت یونین کیخلاف جنگ میں پاکستان تباہ ہوا لیکن دنیا نے پاکستان کا کردار تسلیم نہیں کیا ۔ ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں جو زیادہ عرصہ ایک دوسرے کے خلاف نہیں رہ سکتی ، بھارتی دفاعی قوت اور جوہری طاقت میں اضافہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ، بھارت کیساتھ دفاعی و جوہری امور میں تعاون اور پاکستان کیساتھ امتیازی سلوک ختم کیا جائے ، طاقت سے مسائل کا حل ڈھونڈنے والوں کو مذاکرات کی میز پر بیٹھ کر بات کرنا ہوگی ۔ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے ریاستوں کو مفاہمت ، سیاسی و سفارتی انداز سے آگے بڑھنا ہوگا ، امن برقرار رکھنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے ۔