counter easy hit

وزراء اپنی زبانوں کو قابو میں رکھیں اور پاناما لیکس کا جواب دیں: نعیم الحق

Naeem ul Haq

Naeem ul Haq

پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ جھوٹ اور نفرت انگیز گفتگو کرنا لیگی وزراء کا شیوا ہے، بہتر ہے کہ خواجہ صاحب سمیت تمام وزراء اپنی زبانوں کو قابو میں رکھیں اور پاناما لیکس کا جواب دیں۔
اسلام آباد: (یس اُردو) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی میڈیا سے گفتگو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماء نعیم الحق نے کہا کہ جھوٹ اور نفرت انگیز گفتگو نون لیگی وزیروں کا شیوہ ہے، جائز تنقید کے جواب میں بیہودہ بیانات دینا بھی نون لیگ کا خاصہ ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ خواجہ صاحب چاہتے ہیں کہ انکے وزیر اعظم کی لوٹ مار اور حکومت کی نااہلیوں پر بات نہ کی جائے، جمہوریت کے لبادے میں اپنا الو سیدھا کرنے والوں کو جمہوریت کی تھوڑی سی بھی سمجھ ہوتی تو کم ازکم پارلیمان میں جھوٹ سے گریز کرتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نون لیگ سمیت ملک کی تمام بڑی جماعتوں نے 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کی شکایت کی، جیوڈیشل کمیشن نے اپنی تحقیق میں 44 قسم کی دھاندلیوں کی نشاندہی کی، خواجہ سعد رفیق خود دھاندلی کے مرتکب پائے گئے اور انکے خلاف عدالت کا فیصلہ آیا، عدالتوں کو چکمہ دے کر معصومیت کا تاثر قائم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہتر ہے کہ خواجہ صاحب سمیت تمام وزراء اپنی زبانوں کو قابو میں رکھیں اور پاناما لیکس کا جواب دیں، رضاکارانہ طور پر جواب نہ دیئے تو قوم احتساب کرنا جانتی ہے۔