counter easy hit

این اے 131 لاہور کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست

لاہور: قومی اسمبلی کے حلقے 131 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست پرسماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان،الیکشن کمیشن اورریٹرننگ افسرکونوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق این اے 131 لاہورکے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے درخواست پرسماعت لاہور ہائیکورٹ میں ہوئی ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے سعد رفیق کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت این اے 131 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے۔

این اے 131 لاہور میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے درمیان مقابلہ ہوا تھا جس میں پی ٹی آئی چیئرمین تقریبا 600 ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے جس پر سعد رفیق نے مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دی، جسے آر او کی جانب سے منظور کر لیا گیا اور بعد میں آر او نے دوبارہ عمران خان کو فاتح قرار دے دیا جس پر خواجہ سعد رفیق نے پورے حلقے کی گنتی کی درخواست دی تھی جسے آر او نے مسترد کردیا تھا۔ درخواست مسترد ہونے پر خواجہ سعد رفیق نے ایپلٹ ٹربیونل میں درخواست دائر کردی تھی۔ واضح رہے کہ این اے 131 لاہور میں عمران خان 84ہزار 313 ووٹ کے ساتھ پہلے جبکہ خواجہ سعد رفیق 83 ہزار 633 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پررہے تھے۔