counter easy hit

مسلم کانفرنس سعودی عرب کے زیر اہتمام جدہ میں مجاہد اول سردار عبدالقیوم کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

Muslim Conference, Saudi Arabia

Muslim Conference, Saudi Arabia

جدہ (نوید فاروقی سے) مسلم کانفرنس سعودی عرب کے زیر اہتمام گزشتہ روز جدہ میں مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان جدہ قونصلیٹ آفتاب احمد کھوکھر تھے۔ تقریب کی صدارت مسلم کانفرنس سعودی عرب کے صدر سردار اشفاق نے کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کی سعادت قاری آصف صاحب نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض ایم سی سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری راجہ ذرین خان نے سر انجام دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان جدہ آفتاب احمد کھوکھر نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان نے تحریک آزادی کشمیر کی بنیاد ڈالی۔

ان کی مسئلہ کشمیر کے لئیے کی جانے والی کاوشوں محنتوں اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وہ علاقہ آزاد کرایا جو آج آزاد کشمیر کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کشمیر پاکستان کا وہ حصہ ہے جس کی وجہ سے پاکستان قائم ہے۔ مسئلہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا مرکزی نقطہ ہے۔ حکومت پاکستان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو اولین ترجیح دی۔

افواج پاکستان کی کشمیر کے لئیے سی جانے والی قربانیوں کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات میں پہل کی۔ حکومت پاکستان کی شرائط واضح ہیں کہ کشمیری قوم کی امنگوں کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کیحوالے سے قونصلیٹ کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے پروگرام کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدارتی مشیر آزاد ریاست حکومت جموں و کشمیر سردار عنایت اللہ عارف نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان پوری قوم کے ہیرو تھے۔ ان کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں مکمل نہیں ہوگا۔ ان کا نام رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے جن حالات میں تحریک آزادی کشمیر کا بیڑہ اٹھایا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تحریک کا آغاز کیا اور ڈوگرہ راج کے خلاف علم بغاوت بلند کیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اور تحریک آزادی کشمیر سے پوری دنیا کو رشناس کروایا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ مملکت سعودی عرب کو جب بھی ہماری قربانیوں کی ضرورت پڑی ہم صف اول میں کھڑے ہونگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔ پاکستان کمیونٹی کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت اور سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہہ مجاہد اول کا کردار کشمیر اورپاکستان کی سیاست میں مٹ نہیں سکتا۔ وہ انتہائی قابل اور بلند کردار کے مالک تھے۔ خوش طبیعت اور ذوق نفیس رکھنے والے انسان تھے۔ انہوں نے منتظمین کا پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے کے سی او کے سابق چئیرمین سردار عارف نے کہا کہ کے ایچ خورشید،سردار ابراہیم اور سردار عبدالقیوم خان جیسی قیادت کا مشن جاری رکھنا ہوگا۔

ان کے سامنے موجودہ قیادت کچھ بھی نہیں مگر جب قومیں قیادت کا قبلہ درست کرتی ہیں تو قیادت بھی کام کرتی ہے۔ بحیثیت قوم ہمیں کشمیر پر ہونے والی سودے بازیوں پر نظر رکھنی ہوگی۔ کشمیری قوم کو اپنی قیادت کا قبلہ درست کرنا ہوگا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسعود اے پوری نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان فقیر منش اور سادہ طبیعت کے مالک تھے۔ وہ فریضہ اقامت دین کے عظیم سپاہی تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی کشمیر بنے گا پاکستان کے نظریے کے تحت گزاری۔ محب وطن اور سچے عاشق رسول بھی تھے۔

تقریب کے آغآز میں مسلم کانفرنس کے راہنما اکرام الحق عباسی نے مجاہد اول کی حیات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے تک ان کی قیادت میسر رہی۔ کئی کتابوں کے مصنف تھے۔ جس طرح انہوں نے سنہری زندگی دنیا میں گزاری اتنا ہی سنہرا ان کاسفر آخرت بھی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کے کارکنان ان کے سائے سے محروم ہو گئے۔ افواج پاکستان کے شکر گزار ہیں جنھوں نے سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی۔ انہوں ے کشمیری قیادت اور وزیراعظم پاکستان میآں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ذرین خان نے کہا کہ ہم افواج پاکستان سمیت تمام احباب کے شکر گزار ہیں جنھوں نے مجاہد اول کو ہر انداز سے خراج تحسین پیش کیا اور علالت کے وقت بھی لمحہ با لمحہ ان کی بیمار پرسی کرتے رہے۔ انہوں نے ریفیرنس میں شریک تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

صحافتی تنظیموں کے نمائندوں چوہدری معروف حسین شاہد نعیم اور سردار عثمان نے خطاب کرتے ہوئے مجاہد اول کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مجاہد اول ہمیشہ صحافیوں کو اولین ترجیح دیتے تھے۔ ان کی گرانقدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تقریب کے اختتام پر سردار اشفاق صدر مسلم کانفرنس سعودی عرب نے صدارتی کلمات کے دوران مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مجاہد اول کو خراج تحیسن پیش کیا۔ تقریب میں عبدالطیف عباسی، ریاض بخاری ، نوشیروان خٹک، طاہر بھائی، سردار وقاص عنایت کے علاوہ پاکستان و کشمیر کمیونٹی کے نمائندوں کے علاوہ مسلم کانفرنس کے کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر مجاہد اول کی مغفرت کے لئیے دعائے مغفرت کی۔