counter easy hit

بلدیاتی انتخابات ، پنجاب کے 21 اور سندھ کے 16 اضلاع میں پولنگ شروع

Municipal elections, voters in Punjab and Sindh

Municipal elections, voters in Punjab and Sindh

پنجاب /سندھ (یس اُردو) پنجاب کے 21 اور سندھ کے 16 اضلاع کے متعدد حلقوں میں ملتوی ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہو گئی ہے ، الیکشن کمیشن نےسیکورٹی خدشات کےباعث سانگھڑ اور بدین میں آج ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں ۔سندھ حکومت کی پولنگ سے ایک دن پہلے ، سانگھڑ اور بدین میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست منظور کر لی گئی تھی ، دونوں اضلاع میں بلدیاتی الیکشن غیرمعینہ مدت تک مؤخر کر دیے گئے ہیں ۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کا موقف تسلیم کر لیا کہ سانگھڑ اور بدین میں صورتحال کشیدہ ہے اور پولنگ کے دوران گڑ بڑ ہو سکتی ہے ۔ سانگھڑ میں منگل کو دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے تھے ۔یا د رہے کہ سانگھڑ میں بلدیاتی الیکشن پہلے بھی اس سے قبل بھی سیکورٹی خدشات کے باعث ملتوی کر دیئے گئے تھے تاہم دونوں اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان امن و امان کی صوتحال بہتر ہونے پر کیا جائے گا ۔غلط بیلٹ پیپرز کی چھپائی، انتخابی میٹریل چھیننےکے واقعات اور لڑائی جھگڑوں کے سبب پنجاب کے21 اور سندھ کے 16 اضلاع کے کئی پولنگ اسٹیشنز پر بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیئے گئے تھے جن میں آج پولنگ ہو رہی ہے ۔پنجاب میں جن اضلاع میں آج الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے ان میں لاہور ، ملتان ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، اوکاڑہ ، گجرات، قصور ، ننکانہ صاحب ، وہاڑی ، بہاولنگر ، چنیوٹ ، شیخوپورہ ، سرگودھا ، ساہیوال ، خانیوال ، اٹک ، سیالکوٹ ، ڈیرہ غازی خان ، رحیم یار خان ، بھکر اور نارووال کے بعض حلقے شامل ہیں ۔لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی یونین کونسل دو سو اکتیس ، ضلع کونسل فیصل آباد کی چار ، قصور کی دو ، اوکاڑہ کی ایک ، ملتان میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کی ایک ایک یونین کونسل میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ شیخوپورہ کی دو ، خانیوال ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کی ایک ایک یونین کونسل میں بھی الیکشن ہو رہے ہیں۔
دوسری طرف سندھ میں کراچی شرقی ، کراچی غربی ، حیدر آباد ، سکھر، گھوٹکی ، خیر پور ، جیکب آباد ، کشمور ، کندھ کوٹ ، قمبر شہداد کوٹ ، شکار پور ، نوشہرو فیروز ، ٹنڈو الہ یار ، تھرپار کر ، میر پور خاص ، ٹھٹھہ اور سجاول کے بعض حلقوں میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔کراچی شرقی کی یو سی اٹھائیس کے وارڈ نمبر ایک اور کراچی غربی کی یوسی چار کے وارڈ نمبر دو میں آج دوبارہ ووٹ ڈالے جا رہے ہیں ۔