counter easy hit

بلدیاتی انتخابات کے لئے پیپلز پارٹی نے انتخابی الائنس بنانے پر مشاورت شروع کر دی

PPP

PPP

کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی نے خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کیلیے انتخابی الائنس تشکیل دینے پر مشاورت شروع کر دی ہے۔

اس حوالے سے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے جلد مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے اور ہر صوبے کی سطح پر الگ الگ انتخابی الائنس تشکیل دیے جائیں گے۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی حکمت عملی پر مشاورت شروع کر دی ہے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر ہر صوبے کی قیادت اپنی سطح پرسیاسی اتحاد قائم کرے گی، پیپلزپارٹی مئی کے مہینے سے انتخابی مہم کا آغاز کرے گی، پہلے مرحلے میں کے پی کے، دوسرے مرحلے میں پنجاب اور تیسرے مرحلے میں سندھ میں بڑے انتخابی اجتماعات منعقد کیے جائینگے۔

پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کیلیے یونین کونسل سے لے کر ضلع تک انتخابی مہم چلائیگی، انتخابی حکمت عملی کے تعین کیلیے پیپلز پارٹی کی قیادت جلد صوبائی سطح پرالگ الگ اجلاس منعقد کرے گی۔

پنجاب میں ق لیگ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں سے اتحاد کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں ان اضلاع میں اتحاد کیا جائے گا، جہاں پیپلزپارٹی مخالف جماعتوں کی اکثریت ہوگی تاہم کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے بعد میں حکمت عملی طے کی جائیگی، پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوامیں اتحاد تشکیل دیا جائیگا۔