counter easy hit

مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری کے اعزاز میں تقریب وقار نسیم وامق

Ceremony

Ceremony

Ceremony

Ceremony

Ceremony

Ceremony

Ceremony

Ceremony


الریاض: مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے امیر اور ڈائریکٹرمکتبہ دارالسلام مولانا عبدالمالک مجاہد کی خصوصی دعوت پر ریاض میں انکی رہائش گا ہ پر تشریف لائے، مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری کی آمد پر مولانا عبدالمالک مجاہد اور سفیرِ پاکستان منظور الحق نے عمائدینِ ریاض کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری کے اعزاز میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس کی نظامت کے فرائض جمعیت اہلحدیث ریاض کے امیر قمر عبدالحمید فیصل علوی نے خوش اسلوبی سے سرانجام دئیے جبکہ منتظمین میں فضیلۃالشیخ مطیع الرسول کیلانی، طلحہ مجاہد، عبداللہ مجاہد، عبدالغفار مجاہد اور عبدالرحمن مجاہد شامل تھے۔

تقریب کاباقاعدہ آغازعبدالغفار مجاہد کی تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا ، مولانا عبدالمالک مجاہد نے خطبہء استقبالیہ پیش کرتے ہوئے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور اپنی رہائش گاہ پر مؤذنِ مسجدِ نبوی ؐکی آمد کو اپنے لئے باعثِ عز و شرف قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ میرے لئے اور ہم سب پاکستانیوں کے لئے ایک عظیم سعادت ہے کہ آج مسجدِ نبویؐ کے مؤذن ہمارے درمیان موجود ہیں اہلِ پاکستان کے دل امتِ مسلمہ بالخصوص اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، ہمارا تعلق رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہے مدینتہ النبیؐ کے ساتھ ہے اور رسولِ کریمؐ کی مسجدِ نبوی شریف کے ساتھ ہے۔
اس موقع پر مؤذن مسجدِ نبوی شریف ؐ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری نے حاضرین سے خصوصی خطاب کیا جس کا اردو ترجمہ مدینہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل مولانا فضل الرحمن مدنی نے نہایت موئثر اور جامع انداز میں بیان کیا، مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری نے اپنے خطاب میں میزبان مولانا عبدالمالک مجاہد اور اہلِ پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حرمین شریفین سے بہت زیادہ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں اور ہمیں بھی پاکستانیوں سے بے پناہ محبت اور عقیدت ہے، انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو امتِ مسلمہ کا دل قرار دیا۔

فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ؐ نے مسلمانوں کے درمیان محبت، اخوت، تعاون اوربھائی چارے کی تلقین فرمائی ہے ہمیں چاہئے کہ ہم ان کی تعلیمات پر عمل کریں،پہلا کام اہلِ ایمان کا یہ ہے کہ مسلمانوں کے اندر ایمان کی تجدید ہو اگر ہمارا ایمان مضبوط ہوگا تو رسولِ کریم ؐ سے ہماری محبت میں اضافہ ہوگا اور رسولِ کریمؐ سے ہماری محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کی اطاعت کریں اورآپؐ کی سنت پر عمل کریں اور آپکی سنت کے مطابق اپنے عقائد کی اصلاح کریں جس سے ہمارے ایمان میں اضافہ ہوگا، انہوں سورہ العصر کی آیاتِ کریمہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا و آخرت میں کامیابی کے لئے ایمان، اعمالِ صالحہ ، اسلام کی دعوت و تبلیغ اور صبرکی صورت میں چار شرطیں ہیں اگر ہم ان پر عمل پیرا ہوں گے تو ہماری کامیابی ان شاء اللہ یقینی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ توحید کے ساتھ جب ایمان مضبوط ہو جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ حق کی مدد کرتا ہے ہمیں چاہئے کہ ہم اللہ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوظ بنائیں ، ہمیں چاہئے کہ ہم عقل، شعور اور حکمت کے ساتھ امتِ مسلمہ کے شعور کو بیدار کریں ۔

فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری نے کہا کہ ہم سب رسولِ کریم ؐ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور رسولِ کریم ؐ کی اطاعت اور انکی تابعداری ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کرتے ہیں ہم صحابہ کرامؓ سے اور اولیاء عظامؒ سے بھی محبت کرتے ہیں اور ہمیں ہراس شخص سے محبت ہے جو اللہ کے رسول ؐ کی سنت اور حدیث پر عمل پیرا ہے۔اس موقع پر مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری نے اپنی خوبصورت آواز میں مسجدِ نبویؐ میں دی جانیوالی آذان بھی سنائی، مسجدِ نبویؐ میں بلند ہونیوالی آذان جب مولانا عبدالمالک مجاہد کے گھر میں گونجی تو تمام حاضرین اس کے لطف سے سرشار ہوگئے اور ہر طرف اللہ اکبر اللہ اکبر اور ماشاء اللہ کی صدائیں بلند ہوئیں۔

سفیرِ پاکستان منظور الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ حرمین شریفین سے ہماری محبت لازوال ہے اور اس کی کوئی حدود و قیود نہیں، پاک سعودی برادرانہ تعلقات ہمیشہ کی طرح مستحکم ہیں اور یہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے، سفیرِ پاکستان نے کہا کہ مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری کی ریاض آمد اور پاکستانیوں سے خصوصی ملاقات باعثِ مسرت ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔مولانا عبدالمالک مجاہد نے اظہارِ تشکر ادا کرتے ہوئے تمام معزز مہمانوں خاص طور پر مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری اور سفیرِ پاکستان عزت مآب منظور الحق کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کے گھر تشریف لائے، اس موقع پر جمعیت اہلحدیث کی جانب سے مولانا عبدالمالک مجاہد نے مؤذن مسجدِ نبوی شریف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر ایاد احمد الشکری ، مولانا فضل الرحمن مدنی اور سفیرِ پاکستان منظور الحق کو یادگاری شیلڈز پیش کی، تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف سحری دی گئی۔