counter easy hit

منشیات سمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ٹریسا

لاہور (ویب ڈیسک) منشیات سمگلنگ کیس میں زیرحراست غیر ملکی ماڈل ٹریسا کے مقدمہ کی سماعت، عدالت نے کسٹم کے پراسیکیوٹر کی جانب سے بحث کے لئے مزید مہلت طلب کرنے پر مقدمہ کی سماعت 11جنوری تک ملتوی کردی۔ کسٹم کے پراسیکیوٹر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ کسٹم کا کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کی وجہ سے وہ بحث کے لئے تیار نہیں جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ہائی کورٹ نے انکو اس کیس میں بحث سے روک رکھا ہے ۔ تاہم عدالت نے پراسیکیوٹر کو تاکید کی کہ 11 جنوری کو لازمی بحث مکمل کر لیں۔ مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج شہزاد رضا نے کی۔ معزز جج نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ یاد رہے کہ غیر ملکی ماڈل ٹریسا کے خلاف مقدمہ میں ابھی تک تین جج تبدیل ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے مقدمہ التوا کا شکار ہو گیا۔ عدالت میں پیشی کے بعد ٹریسا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مقدمہ میں بے گناہ ہے اور اس کو یقین ہے کہ وہ بری ہو جائے گی۔ ملزمہ نے کہا کہ اگر اس کے مقدمہ میں ججوں کا بار بار تبادلہ نہ ہوتا تو اب تک وہ بری ہوکر اپنے ملک واپس جا چکی ہوتی۔