بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی نے بیٹی جھانوی کپور کی فلم انڈسٹری میں انٹری کی مخالفت کرتے ہوئے ان کی شادی کرنے کا خواہش کا اظہار کردیا۔

Marriage advice instead of acting to the daughter of Sri Devi
بھارتی اداکارہ سری دیوی نے کئی دہائیوں تک فلم نگری پر راج کیا وہ بھارت کی واحد اداکارہ ہیں جن کو سوچ کر فلموں میں کردار لکھے جاتے تھے لیکن اب یہی لیجنڈری اداکارہ اپنی بیٹی کے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کی مخالف ہیں۔ سری دیوی کی نوجوان بیٹی جھانوی کپور فلم انڈسٹری میں کام کرنے کی خواہش مند ہیں اور جلد ہی فلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘‘ کے سیکوئل میں اداکاری کرتی نظر آئیں گی جس کے کردار کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن ان کی والدہ بیٹی کی شادی کرنے کی خواہش مند ہیں جس کا اظہار انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کیا ہے۔
اداکارہ سری دیوی کا کہنا تھا کہ جھانوی فلم ’’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر2‘‘ میں کام کرنا چاہتی ہے لیکن میں اس کے حق میں نہیں ہوں کیوں کہ میری خواہش ہے کہ وہ اداکاری کی بجائے شادی کرکے اپنا گھر بسالے اور ایک خوش و خرم زندگی گزارے۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کا حصہ ہوتے ہوئے میں اسے برا نہیں سمجھتی لیکن ماں ہونے کے ناطے جھانوی کی شادی کی زیادہ خوشی ہوگی تاہم اس کے باوجود بھی وہ اداکاری کرنا چاہتی ہے تو میں اس فیصلے میں بھی اس کے ساتھ ہوں۔
سری دیوی بیٹی کی فلموں میں اداکاری کی مخالفت کرنے والی واحد اداکارہ نہیں ہیں بلکہ گزشتہ دنوں سیف علی خان نے بھی اپنی بیٹی سارہ علی خان کے اداکاری کو کیرئیر بنانے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی اور مستحکم پیشہ اپنانے کا مشورہ دیا تھا۔








