counter easy hit

ابجد کا تازہ شمارہ منظر عام پر، شمارے میں ڈاکٹر پرویز شہریار پر خصوصی گوشہ

نئی دہلی (کامران غنی) ارریہ، بھارت سے شائع ہونے والا سہ ماہی ادبی رسالہ ‘ابجد’ کا تازہ شمارہ منظر عام پر آ گیا ہے۔ رضی احمد تنہا اور ڈاکٹر قسیم اختر کی ادارت میں شائع ہونے والے اس رسالہ کے تازہ شمارہ میں معروف شاعر، افسانہ نگار اور ماہر تعلیم ڈاکٹر پرویز شہریار پر خصوصی گوشہ شامل کیا گیا ہے۔

شموئل احمد، مشرف عالم ذوقی، ڈاکٹر سید احمد قادری، ڈاکٹرافسر کاظمی، نور العین ساحرہ، راجد جمال فاروقی، ڈاکٹر اختر آزاد، منظر کلیم، ڈاکٹر مشتاق احمد وانی، ڈاکٹر ہمایوں اشرف، ڈاکٹر نعمان قیصراور رضوان بن علاء الدین نے ڈاکٹر پرویز شہریار کے فکر و فن پر سیر حاصل گفتگو کی ہے۔

اس کے علاوہ ندا فاضلی سے ڈاکٹر نسیم اختر کا انٹرویو، غلام نبی خیال کا مضمون ‘جنوبی ایشیا میں اردو زبان و ادب’ ، ‘بچوں کا ادب: ہم عصر صورت حال کے عنوان سے ڈاکٹر آفاق عالم صدیقی کی تحریر، ‘اردو زبان و ادب کی پیدائش میں ہندئوں کا حصہ’ کے عنوان سے ڈاکٹر احمد کفیل کا معلوماتی مضمون بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر الطاف حسین، ابرار احمد اجراوی اور مسرت جان کے معلوماتی مضامین بھی اس شمارہ میں شامل کئے گئے ہیں۔

افسانوں میں محمد حامد سراج، طاہرہ اقبال، نعیم بیگ، نسیم سید، وحید قمر ، امین صدر الدین بھایانی، سیمی کرن، ماہ جبیں صدیقی اور سمیر احمد کے نام شامل ہیں۔ کئی بڑے شعرا کی تخلیقات بھی اس شمارہ میں شامل کی گئی ہیں۔دہلی، بھارت میں یہ رسالہ عابد انور، ڈی 64، فلیٹ نمبر10، چوتھی منزل، ابو الفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Dr Perwaiz Shaharyar

Dr Perwaiz Shaharyar