counter easy hit

لاہور کا معرکہ ن لیگ کے نام رہے گا

لاہور: اینکر پرسن منصور علی خان کا کہنا ہے کہ لاہور کا معرکہ ن لیگ کے نام رہے گا لیکن جس طرح اس بار لیگی امیدوار کیمپین کر رہے ہیں اس سے پہلے ایسا منظر کبھی نہیں دیکھا اور انہیں ایسا کرنے پر پی ٹی آئی نے مجبور کیا ہے۔

اینکر پرسن منصور علی خان نے اپنے ٹویٹ میں لاہور کی صورتحال کے حوالے سے اپنا سروے پیش کیا اور لکھا ’گزشتہ تین روز سے میں لاہور کے مختلف حلقوں کا دورہ کر رہا ہوں اور سمجھتا ہوں کہ میں نے مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو اتنی محنت کے ساتھ مہم چلاتے ہوئے پہلی بار دیکھا ہے۔ پی ٹی آئی نے انہیں مجبور کیا ہے کہ وہ اس بار چھوٹی چھوٹی جگہوں پر بھی توجہ دیں۔ اس سب کے باوجود لاہور میں فتح مسلم لیگ ن کی ہی ہوگی‘۔

منصور علی خان کو ن لیگ کے اہم ترین گڑھ سمجھے جانے والے فیصل آباد میں پی ٹی آئی نقب لگاتی ہوئی نظر آئی ۔ انہوں نے کہا کہ ”میں نے فیصل آباد کا بھی دورہ کیا اور بظاہر لگتا ہے کہ یہاں مسلم لیگ ن اپنی مضبوط پوزیشن کھوچکی ہے ۔ پی ٹی آئی اس بار ن لیگ کے بڑے بڑے برجوں کو الٹنے میں کامیاب رہے گی ، پچھلی بار ن لیگ نے فیصل آباد میں کلین سویپ کیا تھا لیکن اس بار پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کی بنا پر اسے بڑا جھٹکا دے سکتی ہے۔ فیصل آباد میں دونوں پارٹیز کی صورتحال ففٹی ففٹی ہے“۔

اینکر پرسن نے سیالکوٹ کو خواجہ آصف کی نا اہلی کا فیصلہ واپس ہونے کے بعد اسے واپس ن لیگ کی طرف پلٹا ہوا دیکھا ۔ انہوں نے یہاں کی صورتحال کے بارے میں لکھا ”خواجہ آصف کی نا اہلی کے بعد سیالکوٹ ن لیگ کے ہاتھ سے نکلنے ہی والا تھا کہ خواجہ آصف رنگ میں واپس آگئے اور پارٹی کو دوبارہ سنبھال لیا۔ میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی کے عمر ڈار کو شکست ہوگی لیکن پی ٹی آئی کے غلام عباس جیت جائیں گے۔ فردوش عاشق اعوان کی فتح بھی گومگوں کی کیفیت میں ہے۔ سیالکوٹ میں ن لیگ کی فتح 60 فیصد یقینی ہے“۔