counter easy hit

لاہور : (ن) لیگی رہنما کی امریکہ پلٹ شہری کے پلاٹ پر قبضے کی کوشش، مزید تفصیلات اس خبر میں

لاہور(ویب ڈیسک)امریکہ پلٹ شہری کے پلاٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش پر مسلم لیگ ن کے یوسی چیئرمین اشرف نمبر دار اور اس کے 2 ساتھیوں کے خلاف تھانہ شیرا کوٹ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری محمد رفیق نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس سے با اثر قبضہ گروپ کے خلاف قانونی کارروائی اور اسے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کر دی۔ سبزہ زار ای بلاک کے رہائشی بھائی محمد رفیق اور محمد انیس گذشتہ چند سالوں سے امریکہ میں مقیم اور وہیں پر کاروبار کرتے ہیں ، چار ماہ قبل محمد رفیق امریکہ سے اپنے اہل خانہ کو ملنے کے لئے پاکستان واپس آیا ۔گذشتہ روز محمد رفیق بند روڈ پر واقع اپنا دو کنال ایک مرلے کا پلاٹ دیکھنے گیا تو اس کےکروڑوں روپے مالیت کے پلاٹ پر یونین کونسل 100 کا چیئرمین محمد اشرف نمبردار اپنے مسلح ساتھیوں مظفر علی ولد محمد یوسف اور محمد شفیق ولد منیر کے ہمراہ قبضہ کرنے کی کوشش کر تے ہوئے اس کے پلاٹ پر پانی کا بور کروا رہے تھے ،جب محمد رفیق نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا تو یو سی چیئرمین اشرف نمبر دار اور اس کے ساتھیوں نے محمد رفیق سے گالم گلوچ کرتے ہوئے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اسلحہ لہراتے اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔محمد رفیق نے یوسی چیئرمین اشرف نمبر دار اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف تھانہ شیرا کوٹ میں پلاٹ پر قبضہ کی کوشش،تشدد کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینےپر مقدمہ درج کروا دیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب اورآئی جی پولیس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیار غیر میں ہم لوگ دن رات محنت کر کے زر مبادلہ اپنے وطن بھیجتے ہیں ، ہم دونوں بھائیوں نے امریکہ میں دن رات محنت کر کے اپنے خون پسینے کی کمائی سے بند روڈ پر پلاٹ خریدا جس پر مسلم لیگ ن کا با اثر یوسی چیئرمین جو دراصل قبضہ مافیا سے تعلق رکھتا ہے نظریں گاڑھے ہوئے ہے جبکہ پولیس میں شامل بعض کالی بھیڑوں کی بھی اسے سرپرستی حاصل ہے ،میری وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب سے اپیل ہے کہ وہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اسے خاندان سمیت تحفظ فراہم کیا جائے ۔