
KUBHUSHAN JADAV’S, MOTHE, AND, WIFE, AT, FOREIGN, OFFICE, TO, MEET, HIM
اسلام آباد: دفتر خارجہ میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں سزائے موت یافتہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ آوانتی سودھی یادیو اور بیوی چیتنکاوی یادیو کی ملاقات کرائی جارہی ہے۔ 30 منٹ کی اس ملاقات میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ بھی شریک ہیں۔
اس موقع پر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے دونوں خواتین کی تصویر جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کردیا، کمانڈر کلبھوشن یادیو کی بیوی اور والدہ وزارت خارجہ میں آرام سے بیٹھی ہیں، ملاقات کی اجازت قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر انسانی بنیادوں پر دی۔دبئی سے آنے والی امارات ائر لائن کی پرواز ’ای کے 612‘ کے ذریعے بینظیر ائرپورٹ پہنچیں جبکہ ان کے ہمراہ ایک بھارتی سفارتکار بھی پاکستان آیا ہے۔ کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ کو پہلے بھارتی ہائی کمیشن لے جایا گیا جہاں انہوں نے ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریا نے دونوں خواتین کو بریفنگ دی۔

کلبھوشن یادیو کی والدہ اور اہلیہ نے ویزے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن میں درخواست دی تھی جس پر پاکستان نےانسانی ہمدردی کی بنیاد اور اسلامی شعائر کی روشنی میں ان کی درخواست قبول کرکے ملاقات کی اجازت دے دی تھی۔واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016ء میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی، تاہم بھارت نے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کررکھا ہے۔












